Loading
دنیا میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں بنگلہ دیش کا نام چین کے بعد دوسرے نمبر پر نظر آیا اور حیرانگی میں مبتلا کرگیا، توجہ اس جانب گئی بھی تو ان مزدوروں کے احتجاج کے باعث جو اپنی ماہانہ اجرت میں اضافے کا مطالبہ کرتے کنٹرول سے باہر ہوگئے۔ ریڈی میڈ کپڑے بنانے کی صنعت بنگلہ دیش میں اس اعلیٰ معیار کی ہے جو دنیا بھر میں اس قدر پہچانی جاتی ہے اور جس کی کھپت بھی خوب ہے۔
چین وسائل کے مقابلے میں آبادی اور حجم کے لحاظ سے بھی اپنی اہمیت رکھتا ہے ،اس کے مقابلے میں بنگلہ دیش خاصا چھوٹا ملک ہے اور گزشتہ چند برسوں میں وہاں جو سیاسی بدلاؤ آیا جس سے پہلے ملک بھر میں لڑائی مارکٹائی کے واقعات نے ایک ہل چل مچا رکھی تھی۔
طالب علموں کے اس احتجاج نے حالیہ سرکار کو جنم دیا یا ایک نئی راہ متعین کی جس نے بنگلہ دیش عوام کو بہت کچھ سکھایا، سمجھایا اور بتایا کہ نفرتوں کو پالنے میں فائدہ نہیں نقصان ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے بیچ تکلیف اور اذیت کے رشتے تقویت پاتے رہے تھے ،کیوں کہ اس وقت کی سرکار اپنے زخم ہرے رکھنا چاہتی تھی جس نے تعصب کو بھڑکا کے رکھا تھا لیکن موسم بدلا، حکومت بدلی تو رنگ ہی بدل گئے۔
ترقی کا گراف بھی بڑھا اور اس قدر ابھرا کہ چین کے بعد دوسرے نمبر پر کھڑا ہوگیا۔ یہ خیال غلط ہی تھا کیوں کہ ترقی کا سفر تو بہت پہلے ہی شروع ہوچکا تھا۔ آج مہنگائی نے دنیا بھر کو متاثر کر رکھا ہے تو بھلا بنگلہ دیش میں کیسے سکون رہتا اور مسئلہ ابھر ہی گیا۔ یقینا یہ بھی حل ہو ہی جائے گا، ان شاء اﷲ لیکن ہم ابھی تک اسی سوچ میں مبتلا ہیں کہ آخر ہم کیوں اتنے پیچھے ہیں؟
بنگلہ دیش میں مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ کم از کم تنخواہ تیس ہزار ٹکا مقرر کی جائے جب کہ حالیہ ماہانہ تنخواہ بارہ ہزار پانچ سو ٹکا ہے۔ بنگلہ دیش کی گارمنٹس صنعت سے تقریباً چالیس لاکھ افراد منسلک ہے یہ ملک کی اسی فیصد سے زائد برآمدات کا ذریعہ بھی ہے۔ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ کھانے، کرائے، بجلی اور ضروریات زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ان کا موجودہ تنخواہوں میں گزارہ ناممکن ہوتا جارہا ہے۔
ابتدا میں یہ ہنگامے چھوٹی نوعیت کے تھے جو بڑھتے بڑھتے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے گئے۔2008 میں تقریباً بارہ ارب ڈالر سے بڑھ کر 2022تک43 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی ۔ برآمدات کی اس بڑھتی شرح نے ہی بنگلہ دیش کو بڑے ملبوسات برآمد کرنے والے ممالک میں شامل کردیا تھا اور غربت کی شرح میں کمی آئی تھی۔
تین برس پہلے کے حالات بہتر تھے لیکن مہنگائی نے بہت سی ضروریات زندگی کو اس قدر مشکل بنادیا کہ لوگ پریشان ہوگئے اور چھوٹی جھڑپیں ایک بڑے تنازعے کو جنم دے چکی تھیں، یہاں تک کہ دو سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے اور ایک فرد کی ہلاکت کی اطلاع کے علاوہ دو سو سے زائد افراد کے پکڑے جانے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔
بنگلہ دیش نے 1970-80 سے اپنے آپ کو اس صنعت میں آزمانے کے لیے تیار کیا جس کے وسائل تھے یا نہیں لیکن کم لاگت کی مزدوری نے جاپان اور کوریا کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب مبذول کیا، یہ ایک آزمائشی سفر تھا جو افرادی قوت کے بل لڑکھڑاتا ہوا کھڑا ہوا تھا لیکن پھر یہ سفر رکا نہیں اور جلد ہی عالمی منڈیوں میں اس کا مقام بنتا گیا۔
یہ جینز، ٹی شرٹ ، سوئیٹر ، نٹ ویئر ، اسپورٹس ویئر اور ڈینم کی مصنوعات میں اپنا نام بناتا گیا، یہ وہ صنعت ہے جہاں خواتین کی شمولیت ستر فیصد تک ہے، یوں یہ خواتین کو مالی خود مختاری بھی فراہم کرتی گئی۔ دنیا بھرمیں بنگلہ دیش میں ہی سستی مزدوری میسر تھی اور یہ ہی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی کا سبب بنا لیکن آخر کب تک غریب مزدور کو کم تنخواہوں کا پابند رکھا جاسکتا ہے لیکن دیگر مسائل نے ماحول کو گھمبیر بنادیا ہے۔
پاکستان میں بھی ہنگامے ہوتے ہیں، مسائل سر ابھارتے ہیں لیکن حل ہوجاتے ہیں ،یہ سرد گرم زیادہ تر سیاسی ماحول کی وجہ سے نمودار ہوتی ہے۔ دنیا میں کیا ہورہا ہے۔ مہنگائی نے یورپ کے ٹھنڈے ممالک کے ٹھنڈے لوگوں کو بھی گرما دیا ،جہاں کبھی کسی نے سڑک پر چیخ چلاکر ہجوم نہ اکٹھا کیا وہاں ہجوم لوٹ مار کررہا ہے۔
پولیس اور ہجوم چور سپاہی کھیل رہے تھے۔ زیورات سے لے کر کھانے پینے کی اشیاء پر بھی ہاتھ صاف کیاگیا کہ جناب مہنگائی بہت ہے، لہٰذا حق بنتا ہے بعد کی بعد میں دیکھی جائے گی۔ مظاہرین میں کیسا اعتماد اور اتحاد تھا اور یہاں تک کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ کی بھی سیٹ مہنگائی کے سیلاب اور ان کی اپنی شیطانی چالوں سے کھوگئی۔ اتنا بہت کچھ ہوگیا لیکن دنیا اب بھی چل رہی ہے۔
ہم ثابت قدم ، تھکے ہوئے روزانہ صبح اپنا ٹفن اٹھاکر کام پر جانے والے سمجھ دار صابر لوگ اس قدر بامروت، خلوص اور ایثار کے مارے اب کہاں ان جھمیلوں میں پڑے کہ روزی روٹی کی فکر کچھ اور سوچنے ہی نہیں دیتی ،سب اپنی اپنی لائنوں میں مصروف اپنے کاموں سے لگے پڑے ہیں۔
ٹیکس بڑھے یا گھٹے، پٹرول سستا ہو یا مہنگا، سانس تو لینا ہی ہے پیٹ تو بھرنا ہی ہے پہلے تو چلو دو شیطانی بڑھوں نے دنیا میں فیل مچا کر رکھا تھا ،اب آگے کا کیا پروگرام ہے کہ بنگلہ دیش کے پروگرام دیکھ کر تو سوچ میں پڑگئے، جب ان کی شرح غربت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بدولت کم ہوسکتی ہے تو ہم کیوں نہیں؟ آخر ہم کیوں نہیں مل کر آگے بڑھ سکتے۔ بنگلہ دیش کا یہ مسئلہ بھی نمٹ جائے گا لیکن ہمارے مسئلے تو ہم پھر بھی مایوس نہیں ہیں کہ مایوسی کفر ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل