Loading
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا دو روزہ اجلاس آج شروع ہوگا جس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں شرکت کے لیے مختلف رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود کی پاکستان آمد جاری ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تاجکستان اور ایران سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے۔ ترکیے کی جانب سے نائب وزیر خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ، علاقائی رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔ غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں۔ پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل