Loading
اسلام آباد کی پولیس لائنز کی سرکاری رہائش گاہ میں مبینہ طور پر قتل ہونے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کے حوالے سے تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم کے بیانات میں تضاد سامنے آیا تاہم ملزم قاری علی نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ میڈم افشاں کے کہنے پر تشدد کرتا رہا۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے پولیس تفتیش میں ایک دوسرے سے متضاد بیانات دیے ہیں، ملزمہ افشاں پولیس افسر کی اہلیہ اور پاکستانی نژاد کینیڈین شہری ہیں اور دوسرا گرفتار ملزم قاری علی پنجاب ہائی وے پولیس کا ملازم ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انسانیت سوز انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فاطمہ کی موت سفاکانہ تشدد، استری سے جلانے اور علاج نہ کرانے سے ہوئی اور فاطمہ کو سر سے پاؤں تک مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمہ افشاں نے جرم تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور بتایا کہ فاطمہ پر کبھی کوئی تشدد نہیں کیا جبکہ قاری علی نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میڈم افشاں کے کہنے پر تشدد کرتا تھا، میڈم کا حکم تھا فاطمہ پر سختی کرو اور اسے پڑھاؤ۔
ذرائع نے کہا کہ تفتیشی ٹیم نے پولیس لائنز میں واقع گھر پر اچانک چھاپہ مارا اور پولیس افسر کی اہلیہ کی نشان دہی پر گھر سے استری برآمد کی گئی، استری گرم کر کے فاطمہ کے جسم پر پھیری جاتی رہی اور قاری علی کی نشان دہی پر گھر سے چھڑیاں اور سوٹیاں بھی برآمد ہوئیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ قاری علی نے چھڑیوں سے تشدد کا اعتراف کرلیا اور کہا فاطمہ تین سال سے میڈم افشاں کے پاس رہتی تھی، میں نے پچھلے تین ماہ سے دینی تعلیم دینا شروع کی تھی اور ملازمت بچانے کے خوف سے تشدد کرتا رہا۔
دوسری جناب پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ زخموں کا علاج نہ کرانے سے جسم تعفن زدہ ہو گیا تھا، زخموں پر بار بار تشدد سے پیپ پڑی ہوئی تھی، جسم پر زخموں میں خون جما ہوا تھا اور زخموں میں انفیکشن بھی موت کا باعث بنا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جسم پر 20 بڑے زخموں اور تشدد کے واضح نشانات پائے گئے، پورا جسم تشدد سے سوزش زدہ تھا، خون کے لوتھڑے دل اور گردوں میں بھی جمے ہوئے پائے گئے، بائیں بازو پر پرانا خراب شدہ زخم موجود تھا، سینے پر پرانے زخموں کے نشانات بھی تھے اور جسم پر جلے زخم استری سے تشدد کو ظاہر کرتے ہیں، بازوؤں اور ہاتھوں پر بھی تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے، تفتیشی ٹیم کو میرٹ پر تفتیش اور جلد چالان جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل