Loading
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےترک سیسمک ریسرچ سروے جہاز ’’اوروچ رئیس ‘‘کی آمد کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی کی بنیاد پر سائنسی تحقیق اور تزویراتی تعاون کے نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترک سیسمک ریسرچ جہاز ’’اوروچ رئیس ‘‘کی آمد کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک طویل ساحلی پٹی موجود ہے جو غیر معمولی اقتصادی اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہے اور توانائی و تجارت کے اہم بین الاقوامی راستوں سے منسلک ہے، ہماری سمندری حدود توانائی، جہاز رانی اور ماہی گیری کے شعبوں میں وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں، فعال اور مضبوط بلیو اکانومی کے لیے قابلِ اعتماد سائنسی معلومات، ہنرمند افرادی قوت اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات ناگزیر ہیں۔
تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبے ادارہ جاتی عدم رابطے یا غیر ضروری تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے،وقت آگیا ہے کہ ہماری تزویراتی ہم آہنگی کے ساتھ اسی سطح کی ایک پُرعزم اقتصادی شراکت داری بھی قائم ہو۔
تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی،وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، ترکیہ کے وزیر توانائی الپر سلان بیر کتار اور دیگر نے شرکت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ترک سیسمک ریسرچ جہاز اوروچ رئیس کی پاکستان آمد کے موقع پر سب کے ساتھ اس کا خیرمقدم کرنا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔ اس تاریخی بندرگاہ پر ہم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی کی بنیاد پر سائنسی تحقیق اور تزویراتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے میں صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان اور اپنے بھائی وزیر خارجہ ترکیہ حاقان فیدان کا پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کی ذاتی دلچسپی اور عزم پر دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نےترکیہ کے وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترکیہ اور برادر ترک عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ترقی کے سفر میں ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ترک پٹرولیم کی قیادت اور ماہرین، اور جہاز اوروچ رئیس کے کپتان، عملے اور سیسمک ریسرچ ٹیم سے کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان آپ کا اپنے قابلِ اعتماد دوستوں کے لیے مخصوص محبت، احترام اور گرمجوشی کے ساتھ خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی کا رشتہ قیام پاکستان سے بھی پہلے کا ہے، جس کی جڑیں برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے ترک عوام کے ساتھ ان کی تاریخ کے اہم ادوار میں اظہارِ یکجہتی سے جڑی ہوئی ہیں۔
اس کے بعد سے ہمارے عوام آزمائشوں اور کامیابیوں کے ہر دور میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،اپنے مشترکہ ماضی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس جذبےکو اپنے عوام کے لیے مواقع میں تبدیل کیا جائے، یہ تقریب اسی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوروچ رئیس پاکستان کے سمندری حدود میں ایکسپلوریشن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ترکیہ کی سائنسی مہارت کو ہماری قومی توانائی کمپنیوں کے تجربے اور صلاحیتوں کے ساتھ یکجا کر رہا ہے۔
ایکسپلوریشن کے ہر کامیاب سفر کا آغاز علم اور معلومات سے ہوتا ہے،اس جہاز کے ذریعے حاصل ہونے والے اعداد و شمار سمندر کی تہہ کے نیچے موجود ارضیاتی ساختوں کے بارے میں ہماری سمجھ بوجھ کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں اور پاکستان کے مستقبل میں ایکسپلوریشن کے فیصلوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ، خطیر سرمایہ کاری کا تقاضا کرنے والا اور غیر یقینی عمل ہے۔ سیسمک سروے تجارتی بنیادوں پر ذخائر کی دریافت کی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم ایکسپلوریشن کے بغیر کسی دریافت کا امکان بھی نہیں ہوتا، آج پاکستان اعتماد، ذمہ داری اور دعاؤں کے ساتھ یہ قدم اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے سائنسی مقاصد سے بڑھ کر اس مشن کو ایک وسیع تر قومی وژن کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔
پاکستان کے پاس ایک طویل ساحلی پٹی موجود ہے جو غیر معمولی اقتصادی اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہے اور توانائی و تجارت کے اہم بین الاقوامی راستوں سے منسلک ہے۔ ہماری سمندری حدود توانائی، جہاز رانی اور ماہی گیری کے شعبوں میں وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں،ایک فعال اور مضبوط بلیو اکانومی کے لیے قابلِ اعتماد سائنسی معلومات، ہنرمند افرادی قوت اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کو باہمی رابطہ کاری مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ہماری حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبے ادارہ جاتی عدم رابطے یا غیر ضروری تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے ہم ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں ایک طویل المدتی شراکت داری کے خواہاں ہیں، جس میں سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی شامل ہیں،ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ قریبی تعاون کریں۔
ہم چاہتے ہیں کہ ہماری جامعات اور تحقیقی ادارے سمندری ارضیات اور آف شور انجینئرنگ کے شعبوں میں شراکت داریاں قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ اپنے تعلقات کو نئی تزویراتی وسعت دے رہے ہیں،ہمارا تعاون پہلے ہی سفارت کاری، دفاع اور تجارت کے شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔
یہ بڑھتی ہوئی تزویراتی ہم آہنگی امن، استحکام اور اپنی اقوام کی خودمختار ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔جدید دور میں سلامتی کا تصور کئی جہتوں پر مشتمل ہے۔ اس میں ہماری سرحدوں اور عوام کا تحفظ شامل ہے، اس کے ساتھ توانائی کی فراہمی، تجارتی راستوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہماری تزویراتی ہم آہنگی کے ساتھ اسی سطح کی ایک پُرعزم اقتصادی شراکت داری بھی قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ انطالیہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خیرسگالی اور باہمی اعتماد کی کبھی کمی نہیں رہی۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس خیرسگالی کو عملی نتائج میں تبدیل کریں، پاکستان سنجیدہ، ذمہ دارانہ اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے، ہم ایسے شراکت داروں کا خیرمقدم کرتے ہیں جو سرمایہ، مہارت اور پاکستان کی ترقی کے لیے حقیقی عزم لے کر آئیں۔
اس کے بدلے ہماری حکومت شفافیت اور پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے اقتصادی اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور بڑے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہم ایسی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں جو پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے، روزگار کے مواقع پیدا کرے اور برآمدات پر مبنی ترقی میں معاون ثابت ہو،اپنے ترک شراکت داروں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان اس اہم مشن کے لیے ہر ممکن مناسب سہولت فراہم کرے گی۔
سمندر میں تمام سرگرمیوں کے دوران بحری سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کے اعلیٰ ترین معیاروں کی پابندی لازمی ہوگی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے سمندر ایک اقتصادی اثاثہ ہیں، لیکن یہ ایک قومی امانت بھی ہیں۔ ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر پٹرولیم اور ترکیہ کے وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل اور ان کی متعلقہ ٹیموں کو اس مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ان کی قیادت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کی قومی توانائی کمپنیوں، پاکستان کی مسلح افواج اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس مشن کے لیے تعاون کرنے والے ہمارے بحری، بندرگاہی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام پاکستانی اور ترک ماہرین کی خدمات کو بھی سراہتا ہوں، دعا ہے کہ یہ مشن ہماری سائنسی معلومات میں اضافہ کرے، قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنائے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بھائی چارے کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ۔
پاکستان اور ترکیہ جغرافیہ طور پر الگ لیکن تاریخ ، عقیدے اور یکجہتی کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ،پاکستان اور ترکیہ ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاہدے عملی منصوبوں کی شکل اختیار کر رہے ہیں، سیسمک بحری جہاز کی آمد توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کا عملی آغاز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نائب وزیراعظم کی معاونت سے مشترکہ منصوبے کو عملی شکل دینے میں پیشرفت ہوئی ہے ، مشترکہ ٹیکنالوجی ، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون تعلقات میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار پاک ترکیہ تعلقات کے استحکام کے پرزور حامی ہیں۔
ترکیہ کے وزیر توانائی الپر سلان بیرکتار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ تاریخ ، اقدار اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔ پاکستان اور ترکیہ کے توانائی شعبے میں تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
پاکستان ترکیہ توانائی کے حصول کا مشترکہ ویژن قابل تعریف ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، ترک وزیر توانائی نے کہاکہ ترکیہ نے شعبہ توانائی میں تجربہ ، مہارت اور انجینئرنگ صلاحیتیں پاکستان کے لئے پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ترکیہ کا تحقیقی جہاز اورچ رئیس 19 روزہ سفر کے بعد پاکستان پہنچا ہے ، توانائی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے مستقبل کو نئی سمت دے گا ۔ ترک پٹرولیم کارپوریشن تھری ڈی زلزلہ پیما ڈیٹا جمع کرنے کا کام انجام دے گی۔
انہوں نے کہاکہ اورچ رئیس پاکستان میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی زلزلہ پیماسروے کرے گا ۔اورچ رئیس سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے امکانات تلاش کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے معاہدے اب کاغذوں تک محدود نہیں رہے بلکہ ان پر عملی کام شروع ہو چکاہے ، پانچ بلاکس کے لئے لائسنسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ترک پٹرولیم کارپوریشن اور پاکستانی توانائی کمپنیوں میں مضبوط شراکت داری قائم ہوئی ہے ۔ او جی ڈی سی ایل ، پی پی ایل اور ماڑی انرجی پاکستان ترکیہ توانائی شراکت داری میں شامل ہیں ۔ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ ترکیہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل