Loading
سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (SICVD) نے صوبہ سندھ میں عوام کو مفت اور عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک نیا تاریخ ساز سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ 10 ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026ء کے دوران 22 ہزار 639 مریضوں کو دل کا دورہ پڑنے پر ہنگامی بنیادوں پر پرائمری اینجیو پلاسٹی اور اینجیو گرافی کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ اسی عرصے میں 1,626 مریضوں کے اوپن ہارٹ آپریشن بالکل مفت انجام دیے گئے۔
مزید برآں، صوبہ بھر میں قائم ایس آئی سی وی ڈی کے 30 چیسٹ پین یونٹس کے وسيع نیٹ ورک نے اس دوران تقریباً 4 لاکھ 64 ہزار ہنگامی کیسز کو سنبھالا، جہاں ہر روز اوسطاً 1,500 سے زائد مریضوں کا معائنہ کر کے ان کی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔
ادارے کے ترجمان کے مطابق 10 ماہ کے سروس سینسس کے تحت ایمرجنسی اور ٹریَج شعبہ جات میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 98 ہزار 401 مریضوں کی دیکھ بھال کی گئی، جبکہ 55 ہزار 846 شدید بیمار افراد کو اسپتال میں داخل کر کے ان پیشنٹ کیئر فراہم کی گئی۔
ادارہ نہ صرف بالغ افراد بلکہ بچوں میں امراضِ قلب کے مفت علاج کے لیے بھی پیش پیش رہا؛ انجام دی گئی اوپن ہارٹ سرجریز میں 220 بچے اور 1,406 بالغ افراد شامل تھے۔ اس کے علاوہ پيڈیاٹرک کارڈیالوجی میں 1,660 بچوں کے کیتھ لیب پروسیجرز اور 37 ہزار 679 بچوں کے ایکو کارڈیوگرام کیے گئے۔ ادارے کے اؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (OPD) میں اس دوران 4 لاکھ 13 ہزار 097 مریضوں نے رجوع کیا، جن میں 62 ہزار 901 بچے اور 3 لاکھ 50 ہزار 196 بالغ افراد شامل تھے۔
جدید کیتھ لیبز اور ڈائیگنوسٹک شعبے نے بھی ریکارڈ خدمات سر انجام دیں۔ ہنگامی پروسیجرز کے علاوہ 7 ہزار 210 مریضوں کی تشخیصی اینجیو گرافی کر کے انہیں ادویات یا سرجری کے لیے ریفر کیا گیا، جبکہ 880 مریضوں کو مستقل پیس میکر، 612 کو عارضی پیسنگ کی سہولت اور 89 مریضوں کے لیے فالج کی جدید انٹروینشنز فراہم کی گئیں۔
تشخیصی شعبے میں 10 لاکھ سے زائد ای سی جی اور 9 لاکھ 75 ہزار سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ انجام دیے گئے، جو مجموعی طور پر 20 لاکھ کے قریب بنتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 1 لاکھ 16 ہزار ایکو کارڈیوگرام، تقریباً 60 ہزار ایکس رے، 6,300 سے زائد برین سی ٹی اسکینز و سی ٹی اینجیو گرافی اور 13,390 فزیوتھراپی سیشنز بھی مکمل کیے گئے۔
ایس آئی سی وی ڈی نے مجموعی طور پر 10 ماہ میں صوبہ سندھ کے عوام کو 3.77 ملین (تقریباً 37 لاکھ 70 ہزار) مفت طبی خدمات فراہم کیں۔
ادارے کی نمایاں کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے کہا کہ سینے میں درد یا دل کے دورے کے مریض کے لیے گھر کے قریب فوری اور معیاری علاج کی سہولت ملنا زندگی اور موت کا فرق ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح ہنگامی قلبی دیکھ بھال کو سندھ کے ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانا ہے، تاکہ غریب سے غریب مریض کو بھی اوپن ہارٹ سرجری اور اینجیو پلاسٹی جیسے انتہائی مہنگے اور پیچیدہ علاج کے لیے ایک روپیہ بھی خرچ نہ کرنا پڑے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل