Loading
پاکستان کی سیاست ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں روایتی سیاسی مفاہمت، انتظامی اصلاحات اور ریاستی ڈھانچے کی ازسر ِنو تشکیل کے سوالات ایک دوسرے میں مدغم ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
برسوں سے جاری سیاسی کشمکش، حکومتی ترجیحات کی تبدیلی، اختیارات کی مرکزیت اور وفاقی و صوبائی تعلقات میں پائے جانے والے تناؤ نے اس بنیادی سوال کو مزید اہم بنا دیا ہے کہ کیا موجودہ نظام اپنی موجودہ ساخت کے ساتھ عوامی توقعات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا اب اس کے بنیادی خدوخال میں تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے؟
نظام تو سارے کا سارا ٹھیک ہونے والا ہے محض ایک سیاسی جملہ نہیں بلکہ اس وسیع تر بحث کی طرف اشارہ کرتا ہے جس میں نظام کی اصلاح، سیاسی اتفاق رائے اور نئے صوبوں کی تشکیل جیسے معاملات شامل ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی اختلافات کو طول دینے کے بجائے عوامی ریفرنڈم کے ذریعے فیصلہ کرنے کی تجویز زیادہ موزوں ہے۔ سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ایک وفاقی وزیر نے انتظامی و جغرافیائی تقسیم جیسے حساس قومی مسئلے کو سیاسی جماعتوں کے باہمی اختلافات سے نکال کر عوامی رائے کے دائرے میں لانے کی بات کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر عوام نئے صوبے نہیں چاہتے تو وہ خود بھی ان کے قیام کی حمایت نہیں کریں گے۔ یہ طرز فکر جمہوری اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے، کیونکہ ریاستی جغرافیے، انتظامی اکائیوں اور اختیارات کی تقسیم سے متعلق فیصلوں میں متعلقہ آبادی کی خواہش کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔
تاہم اس تصور کو محض ایک ریفرنڈم کے انعقاد تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ عوام کو اس فیصلے کے تمام انتظامی، معاشی، سیاسی اور آئینی مضمرات سے آگاہ کیا جائے، تاکہ ان کی رائے جذباتی نعروں یا جماعتی وابستگی کے بجائے ٹھوس معلومات اور زمینی حقائق پر استوار ہو۔ پاکستان میں نئے صوبوں کی بحث کوئی نئی سیاسی اختراع نہیں۔
جنوبی پنجاب، بہاولپور، ہزارہ اور دیگر علاقوں میں انتظامی محرومیوں اور علاقائی شناخت کے حوالے سے مختلف ادوار میں مطالبات سامنے آتے رہے ہیں۔ ان مطالبات کے پس منظر میں ایک مشترک احساس موجود ہے کہ بڑے صوبوں کے انتظامی مراکز سے دور واقع علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں، سرکاری خدمات، مالی وسائل اور فیصلہ سازی میں وہ ترجیح نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں۔ آبادی میں اضافے، جغرافیائی وسعت اور انتظامی پیچیدگیوں نے اس مسئلے کو مزید نمایاں کیا ہے۔
تاہم یہ سمجھنا بھی درست نہیں ہوگا کہ صوبوں کی تعداد بڑھا دینے سے تمام انتظامی خرابیاں خودبخود ختم ہوجائیں گی، اگر نئے صوبوں میں بھی اختیارات چند سیاسی خاندانوں، بااثر طبقات اور غیر جواب دہ انتظامی حلقوں تک محدود رہے تو نئی صوبائی سرحدیں پرانے مسائل کو نئے ناموں سے زندہ رکھیں گی۔
یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے کہ انتظامی تقسیم اور نظامِ حکمرانی کی اصلاح دو الگ مگر باہم مربوط تصورات ہیں۔ نئے صوبے کا قیام انتظامی مرکز کو عوام کے قریب لاسکتا ہے، لیکن بہتر حکمرانی کے لیے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا، مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور منتخب نمائندوں کی جواب دہی یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔
اگر ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے موثر اختیارات حاصل نہ ہوں تو نئے صوبے بھی ایک اضافی انتظامی بوجھ بن سکتے ہیں۔ چنانچہ کسی بھی مجوزہ صوبے کے قیام سے پہلے اس کی مالی خود کفالت، آبادی، جغرافیائی حدود، انتظامی استعداد، وسائل کی تقسیم اور بنیادی ڈھانچے کا جامع جائزہ لینا ناگزیر ہے۔
سروے اور عوامی مباحثے نئے صوبوں کی حمایت کا تاثر دیتے ہیں، تاہم باضابطہ رائے شماری ضروری ہے۔ اس موقف میں ایک اہم جمہوری نکتہ پوشیدہ ہے۔ رائے عامہ کے سروے کسی مخصوص وقت میں شہریوں کے رجحانات کا اندازہ تو فراہم کرسکتے ہیں، لیکن وہ پوری آبادی کے حتمی اور مستند فیصلے کا متبادل نہیں ہوتے۔
اسی طرح عوامی مباحثے میں کسی مطالبے کی مقبولیت لازماً اس کی انتظامی افادیت کا ثبوت نہیں بن جاتی۔ ضروری ہے کہ ریفرنڈم سے پہلے ایک غیر جانب دار قومی کمیشن تشکیل دیا جائے جو مختلف علاقوں کے مطالبات، وسائل کی دستیابی، آبادی کے تناسب، معاشی امکانات اور انتظامی ضروریات کا جائزہ لے۔
متعلقہ علاقوں میں عوامی سماعتوں کا اہتمام کیا جائے اور مجوزہ تبدیلی کے فوائد و نقصانات پر مبنی قابل فہم دستاویزات عام کی جائیں۔ اس کے بعد رائے شماری کا ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس پر تمام سیاسی قوتوں اور متعلقہ آبادیوں کو اعتماد ہو۔
اس معاملے کا آئینی پہلو بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239 کی شق 4 کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی مجموعی رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان کی منظوری ضروری ہے، جب کہ آئینی ترمیم کے عمومی تقاضوں کے تحت پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بھی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
اس لیے ریفرنڈم عوامی خواہش معلوم کرنے کا ذریعہ ضرور بن سکتا ہے، لیکن آئینی طریقہ کار سے انحراف کا جواز نہیں بن سکتا۔ جمہوریت میں عوامی اختیار اور آئینی بالادستی ایک دوسرے کے متضاد نہیں بلکہ ایک دوسرے کے تکمیلی اصول ہیں۔ کسی بھی فیصلے کو پائیدار بنانے کے لیے ان دونوں کا احترام لازم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے نواب شاہ میں ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتِ حال، سیاسی پیش رفت اور اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ محسن نقوی نے امن و امان اور داخلی سلامتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں صدرِ مملکت کو بریفنگ دی۔
صدر آصف علی زرداری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے، جو وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، اس لیے اس ملاقات کو حکومتی اور اتحادی سطح پر قومی معاملات کے حوالے سے مشاورت کے تسلسل کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
بالخصوص ایسے وقت میں جب سسٹم ری سیٹ، سیاسی مفاہمت اور نئے صوبوں کی تشکیل جیسے موضوعات زیر بحث ہوں، وفاقی حکومت اور اس کی اتحادی قیادت کے درمیان رابطے کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ تاہم سیاسی ملاقاتوں کی افادیت کا اصل تعین ان کے بعد سامنے آنے والے فیصلوں اور عملی اقدامات سے ہوگا۔
کسی بھی شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی صحت کا فیصلہ بیانات یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ شواہد، قانونی تقاضوں اور عدالتی عمل سے ہونا چاہیے۔ پاکستان کو اس وقت محض سیاسی استحکام کے اعلانات نہیں بلکہ حکمرانی کے معیار میں قابلِ مشاہدہ تبدیلی درکار ہے۔ نظام کا ری سیٹ اسی وقت حقیقی معنویت اختیار کرے گا جب اس کے نتیجے میں ادارے زیادہ جواب دہ، انتظامیہ زیادہ موثر، قانون زیادہ غیر جانب دار اور عوام ریاستی فیصلوں میں زیادہ بااختیار ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل