Sunday, November 22, 2026
 

کراچی؛ مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 11 افراد زخمی

 



شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ماڈی پور تھانے کے علاقے ماڑی پور گریکس کے قریب ہاکس بے کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے رکشے سمیت متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل  کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 23 سالہ عقیل ولد گلزار کے نام سے کی گئی جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ رفیق ولد عظیم، وصی اللہ ولد خیر، 35 سالہ رحمان، 20 سالہ بلال ولد شیرین زادہ، 21 سالہ اکرام ولد عمر خطاب، 19 سالہ رضوان ولد جہانزیب اور 20 سالہ ارشد ولد گل محمد شامل ہیں۔ ایس ایچ او ماڑی پور عنصر اقبال کے قریب ماڑی پور گریکس کے قریب پیش آنے والا حادثہ ٹرالر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آگیا، ٹرالر ایک رکشے کو روندتا ہوا دوسری گاڑی سے ٹکرایا، حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد رکشے میں سوار تھے۔ حادثے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچی اور پولیس نے ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے اس کے ٹرالر کو قبضے میں لے لیا، انھوں نے بتایا کہ حادثے سے متعلق مزید معلومات بھی اکٹھا کی جا رہی ہے۔ سائٹ اے تھانے کےعلاقے سائٹ ایریا سمنس چورنگی کے قریب رانگ وے جاتے ہوئے آٹے کی بوریوں سے لدے ٹرک نے سیون سیٹر رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی فوری شناخت ممکن نہیں ہو سکی، حادثے کے بعد لوڈ مزدا ٹرک موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل