Loading
گزشتہ رات پلندری میں انتشاری جتھے کے کارندوں کی فائرنگ سے آزاد کشمیر پولیس کا زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری میں گزشتہ رات فسادی جتھے کے کارندوں کی پولیس پر فائرنگ سے زخمی ہونے والے کانسٹیبل محمد ارباب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
ترجمان آزادکشمیر پولیس کے مطابق گلی جھنڈا بگلا بازار میں پیش آنے والے واقعے میں کانسٹیبل محمد ارباب اور کانسٹیبل ذاکر حسین شاہ زخمی ہوئے تھے۔
محمد ارباب کو تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے سدھنوتی اور ملحقہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام نے ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے اور قرار واقعی سزا دلوانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر کے پُرامن ماحول کو خراب کرنے، شہریوں کو خوف زدہ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے آزاد جموں کشمیر پولیس کانسٹیبل محمد ارباب شہید کی نمازِ جنازہ ڈانہ، تحصیل پلندری، ضلع سدھنوتی میں ادا کر دی گئی، مولانا سعید یوسف نے نمازِ جنازہ پڑھائی، کانسٹیبل محمد ارباب شہید کو ڈانہ، تحصیل پلندری میں آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
کانسٹیبل محمد ارباب شہید کی نمازِ جنازہ سہ پہر تقریباً 3 بجے ادا کی گئی جبکہ 3 بج کر 10 منٹ پر پولیس دستے نے سلامی دی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل