Loading
پہلی قومی مرد و خواتین قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 کے سینئرز مقابلوں میں پاکستان آرمی نے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اسلام آباد میں پاکستان قازاق کریسی فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی قومی مرد و خواتین قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 14 ٹیموں کے تقریباً 230 کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور جوہر دکھائے۔
میدان میں کہیں طاقت کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا تو کہیں مہارت اور پھرتی نے مقابلوں کو سنسنی خیز بنا دیا۔ مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے ہوئے، تاہم سینئرز کے مقابلوں میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
اس شاندار قومی ایونٹ کا انعقاد پاکستان قازاق کریسی فیڈریشن کے زیر اہتمام کیا گیا، جس کے صدر میجر جنرل عادل رحمانی، سینئر نائب صدر بریگیڈیئر ظفر محمود عباسی جبکہ سیکریٹری جنرل میجر نوید افضل پنجاب کے صدر مہر اکرم کالا خان پہلوان، قیصر رشید کے علاوہ کثیر تعداد موجود تھی فیڈریشن کی یہ قیادت پاکستان میں قازاق کریسی کے کھیل کو فروغ دینے اور اسے قومی سطح پر متعارف کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کر چکی ہے۔
خصوصاً سیکریٹری جنرل میجر نوید افضل کی کاوشیں قابل ذکر ہیں، جنہوں نے قازاق کریسی کے کھیل کو منظم انداز میں آگے بڑھانے، کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور اس کھیل کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلی قومی چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
اختتامی تقریب میں میجر جنرل عادل رحمانی، میجر نوید افضل، آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے حکام اور کھیلوں سے وابستہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
بلاشبہ پہلی قومی مرد و خواتین قازاق کریسی ریسلنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان میں اس کھیل کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوا بلکہ مستقبل میں پاکستان کو اس کھیل کے عالمی میدان میں متعارف کروانے کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل