Wednesday, November 25, 2026
 

سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مزید تیز اور منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں، وزیراعظم

 



وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی نج کاری کا عمل مزید تیز کرنے اور تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرفعال سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نج کاری ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نج کاری کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جہاں وزیراعظم نے کہا کہ غیر فعال سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معیشت مستحکم بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری سے قومی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے مواقع ملیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کی نج کاری کا عمل مزید تیز کیا جائے اور تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے، قانونی رکاوٹوں کو نج کاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ نج کاری کے لیے مزید خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی بھی نشان دہی کی جائے تاکہ اس عمل میں شامل کیا جا سکے۔  اجلاس میں نج کاری کمیشن کے زیر عمل سرکاری اداروں کی نج کاری سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) بشمول آئیسکو، لیسکو، گیپکو اور دیگر اداروں کی نج کاری کے عمل پر بریفنگ دی گئی، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی نج کاری سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نج کاری کے تمام جاری منصوبے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں، اسی طرح اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) سے متعلق امور بھی زیر غور آئے اور بتایا گیا کہ اصلاحاتی پالیسی کے تحت  پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کو نج کاری کمیشن میں ضم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحات کےبعد اتھارٹی کا کردار مشاورتی سے تبدیل ہو کر منصوبوں پر عمل درآمد کا ہو جائے گا، اس وقت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی 1352 ارب روپے کے 15 منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں ایم 6، ایم 13، ایم 10، گرو نانک ایکسپریس وے، قصر ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک شامل ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین نج کاری کمیشن محمد علی، نج کاری سے متعلق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل