Loading
مس یونیورس 2026 کا تاج اپنے منفرد ڈیزائن اور قیمتی ہیروں کی وجہ سے توجہ حاصل کررہا ہے، لیکن اس مقابلے کی فاتح جینیفر باریٹو کے حصے میں صرف یہ اعزاز ہی نہیں آیا بلکہ انہیں بھاری مالی انعام اور ایک سال تک متعدد شاہانہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والی جینیفر باریٹو نے 116 امیدواروں کو شکست دے کر مس یونیورس کا ٹائٹل جیتا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس سال متعارف کرائے گئے تاج کا نام ’دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی‘ ہے، جس کا مفہوم ایک لازوال ورثے کی چمک ہے۔ 18 قیراط سفید سونے سے تیار کیے گئے اس تاج میں 3 ہزار 150 ہیرے جڑے ہیں، جب کہ اس کے وسط میں موجود تین مرکزی قیمتی پتھر مس یونیورس تنظیم کے ماضی، حال اور مستقبل کی علامت ہیں۔
جینیفر باریٹو اس نئے ڈیزائن کا تاج پہننے والی پہلی فاتح ہیں، تاہم یہ تاج مستقل طور پر ان کی ملکیت نہیں رہے گا بلکہ ایک سال بعد اگلی مس یونیورس کے حوالے کردیا جائے گا۔
فاتح کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
مس یونیورس کا اعزاز حاصل کرنے پر جینیفر باریٹو کو ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر کی یکمشت انعامی رقم ملنے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ اپنے 12 ماہ کے دور میں انہیں ہر ماہ 50 ہزار ڈالر معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ اس حساب سے ایک سال کے دوران ماہانہ معاوضے کی مجموعی رقم 6 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔
تاہم یہ مالی تفصیلات ہسپانوی خبر رساں ادارے مارکا نے انڈسٹری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کی ہیں۔ مس یونیورس آرگنائزیشن کی جانب سے انعامی رقم اور معاوضے کی باضابطہ تفصیلات عام نہیں کی جاتیں۔
نیویارک میں رہائش اور دنیا بھر کے مفت دورے
مس یونیورس کی حیثیت سے جینیفر کو ایک سال کے لیے نیویارک میں ایک لگژری اپارٹمنٹ میں رہائش فراہم کی جائے گی، جہاں وہ مس یو ایس اے کے ساتھ قیام کریں گی۔ اس دوران مختلف ممالک کے دوروں کے لیے ان کے فضائی سفر، ہوٹل اور دیگر سفری اخراجات بھی تنظیم برداشت کرے گی۔
اپنے دورِ اعزاز میں انہیں دنیا کے مختلف حصوں میں فلاحی تقریبات، سماجی سرگرمیوں اور اسپانسرز کے پروگراموں میں شرکت کرنا ہوگی۔
فیشن اور صحت کے لیے ماہرین کی خدمات
جینیفر کی مصروفیات اور مختلف تقریبات کے پیش نظر ان کے ساتھ فیشن ڈیزائنرز، اسٹائلسٹس اور میک اپ آرٹسٹس کی ٹیم بھی ہوگی، جو ان کے لباس اور ظاہری انداز کی تیاری میں معاونت کرے گی۔ اس کے علاوہ صحت اور غذائیت کے ماہرین کی خدمات بھی حاصل ہوں گی تاکہ وہ پورے سال اپنی جسمانی فٹنس اور صحت کا خیال رکھ سکیں۔
یوں مس یونیورس کا تاج حاصل کرنے کے ساتھ جینیفر باریٹو کو ایک سال تک مالی معاونت، بین الاقوامی سفر، لگژری رہائش اور پیشہ ورانہ ماہرین کی خدمات بھی میسر ہوں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل