Loading
برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے والد 82 سالہ تھامس مارکل کے خلاف امریکا میں بچوں سے جنسی زیادتی کی تصاویر رکھنے کے الزام میں دو مقدمات میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تھامس مارکل کے خلاف منگل کو لاس اینجلس کی وفاقی گرینڈ جیوری نے فردِ جرم عائد کی جبکہ ملزم اس وقت ریاست فلوریڈا کی جیل میں قید ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں لاس اینجلس کی وفاقی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق حکام نے تھامس مارکل کے لاس اینجلس میں کرائے پر حاصل کیے گئے دو گوداموں سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد کی حامل درجنوں اشیا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان میں تصویری سلائیڈز، فلمی نیگیٹو اور کتابیں شامل ہیں۔
استغاثہ کا الزام ہے کہ برآمد ہونے والے مواد میں کم عمر بچوں کی تصاویر بھی شامل تھیں جبکہ حکام کو شبہ ہے کہ ایسا مواد فلپائن میں بھی موجود تھا جہاں تھامس مارکل ایک عرصے تک مقیم رہے۔
تھامس مارکل کے خلاف یہ کارروائی اُس وقت کی گئی جب انھوں نے گھر میں نظر بندی کی شرط کے تحت لگایا گیا الیکٹرانک کڑا اتار کر مبینہ طور پر بھاگنے کی کوشش کی تھی۔
جس کے بعد انھیں دوبارہ حراست میں لیا گیا اور عدالتی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ اگر عائد کردہ فرد جرم ثابت ہوگئی تو انھیں 40 سال قید ہوسکتی ہے تاہم وہ الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔
دوسری جانب فلپائن کے حکام نے بھی شہزادی میگھن مارکل کے والد کے خلاف مبینہ طور پر بچوں کی ایسی نازیبا تصاویر رکھنے اور تقسیم کرنے کے الزامات پر قانونی کارروائی شروع کی ہے۔
یاد رہے کہ میگھن مارکل نے گزشتہ ماہ اپنے والد کے خلاف سامنے آنے والے الزامات پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر انہوں نے اپنے والد سے رابطہ منقطع کر رکھا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل