Loading
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر برسوں سے جاری کرپشن مقدمات کے حوالے سے آج عدالت میں ہونے والی سماعت میں ہونے والی بڑی پیشرفت نے سب کو حیران کردیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بدھ کو یروشلم کی ضلعی عدالت میں سماعت کے دوران نیتن یاہو کو آج اہم عدالتی ریلیف مل گیا۔
عدالت نے حیران کن طور پر ان کے خلاف سنگین ترین مقدمے میں الزامات واپس لینے اور دوسرے مقدمے پر نظرثانی کرنے کی سفارش کردی۔
جج ریوکا فریڈمین فیلڈمین نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا کو بتایا کہ مقدمہ نمبر 4000 میں نیتن یاہو کو سزا ملنے کے امکانات کم ہیں اور استغاثہ کو اس مقدمے میں رشوت کے الزامات واپس لینے پر غور کرنا چاہیے۔
اس مقدمے میں الزام تھا کہ نیتن یاہو نے ٹیلی مواصلاتی کمپنی بیزک کے مالک شاؤل ایلووچ کو ایک ارب شیکل سے زائد مالیت کے سرکاری فوائد پہنچائے جس کے بدلے انہیں اپنی ویب سائٹ والا پر مثبت خبریں شائع کرانے میں مدد ملی۔
عدالت نے مقدمہ نمبر 2000 پر بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ فرد جرم میں بیان کردہ اقدامات واقعی کوئی مجرمانہ فعل بنتے ہیں یا نہیں۔ اس مقدمے میں الزام ہے کہ نیتن یاہو نے ایک اخبار سے سازگار کوریج کے بدلے اس کے حریف اخبار کی اشاعت محدود کرنے کی کوشش کی۔
تیسرے مقدمے نمبر 1000 میں نیتن یاہو پر بیرون ملک کاروباری شخصیات سے مہنگے تحائف، سگار اور شیمپین وصول کرنے کے بدلے مبینہ سرکاری رعایتیں دینے کا الزام ہے۔ عدالت نے اس مقدمے کو کسی مناسب قانونی سمجھوتے کے ذریعے نمٹانے کی تجویز دی۔
اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ وہ عدالتی سفارشات کا استغاثہ کی ٹیم کے ساتھ جائزہ لیں گی تاہم ضلعی عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ سفارشات حتمی فیصلہ یا بریت نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ نیتن یاہو ان مقدمات پر پہلے ہی صدارتی معافی مانگ چکے ہیں جبکہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزویگ نے فی الحال اس درخواست پر فیصلہ کرنے کے بجائے قانونی سمجھوتے کی کوشش کو ترجیح دی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو باضابطہ طور پر 30 نومبر 2025 کو درخواست دے کر اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں صدارتی معافی مانگی تھی البتہ انہوں نے الزامات تسلیم نہیں کیے تھے۔
جس پر صدر ہرزویگ نے مشورہ دیا تھا کہ کرپشن کیسز میں معافی کی درخواست پر غور کرنے سے پہلے فریقین کو عدالت سے باہر کسی سمجھوتے یا قانونی تصفیے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اسرائیلی صدر کے اس مؤقف پر عدالت نے بھی استغاثہ کو بعض الزامات پر نظرثانی اور ممکنہ تصفیے کی سفارش کی تھی۔ یہ معافی کی منظوری یا مقدمات کے خاتمے کا فیصلہ نہیں تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس معاملے پر اپنے دوست کی حمایت میں کھل کر سامنے آئے تھے اور اسرائیلی صدر سے نیتن یاہو کو کرپشن کیسز میں صدارتی معافی کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف مقدمے کی سماعت مئی 2020 میں شروع ہوئی تھی تاہم وہ اپنے خلاف کرپشن کے ان تمام الزامات سے انکار کرتے آئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل