Sunday, November 29, 2026
 

سعودی کوہ پیما کا منفرد کارنامہ، 23 گھنٹوں میں 6 ہزار میٹر بلندی طے کرلی

 



سعودی کوہ پیما نیلی عطار نے دبئی فٹنس چیلنج کے تحت متحدہ عرب امارات کے 16 ویئرہاؤس جم برانچز میں 24 گھنٹوں کے دوران اسٹیئر ماسٹر مشین پر مجموعی طور پر 6 ہزار 91.6 میٹر بلندی طے کرکے منفرد کارنامہ انجام دے دیا۔ انہوں نے یہ چیلنج 23 گھنٹوں میں مکمل کیا، جس میں مختلف مقامات کے درمیان سفر کا وقت بھی شامل تھا۔ نیلی عطار نے ہر جم میں 30 منٹ تک اسٹیئر ماسٹر پر ورزش کی اور مجموعی طور پر ایک ہزار 954 منزلیں چڑھیں۔ اس طرح انہوں نے افریقہ کے پہاڑ کلیمانجارو کی 5 ہزار 895 میٹر بلندی کو بھی عبور کرلیا جبکہ ان کی طے کردہ بلندی برج خلیفہ کی تقریباً 12 گنا اونچائی کے برابر ہے۔ چیلنج کا آغاز دبئی کے علاقے القوز میں ویئرہاؤس جم کی پہلی برانچ سے صبح ساڑھے 4 بجے ہوا اور اختتام اگلی صبح ساڑھے 3 بجے شیخہ فاطمہ پارک میں واقع جم کی نئی برانچ پر ہوا۔ اس دوران دبئی اور ابوظبی کی مختلف برانچز کو اس چیلنج کا حصہ بنایا گیا۔ نیلی عطار اس سے قبل دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والی پہلی عرب خاتون  ہے اور ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کرنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلند پہاڑ سر کرنے کے لیے ہمالیہ کا سفر ضروری نہیں بلکہ اپنے گھر کے قریب رہتے ہوئے بھی بڑے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل