Friday, November 15, 2024
 

کراچی؛ حوالہ ہنڈی، غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث اہم ملزم گرفتار

 



وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی) کے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث گینگ کا اہم ملزم گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے کراچی میں کارروائی کی گئی اور اس دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث گینگ کا اہم ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اورغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث گینگ کا اہم رکن گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس ملزم کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں سولجر بازار کراچی میں واقع فلیٹ سے گرفتار کیا گیا اور ملزم سے کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے ایک کروڑ 59 لاکھ روپے کے علاوہ پے آرڈر کی نقول اور حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہے اور ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا جبکہ گرفتارملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل