Saturday, July 27, 2024
 

این ڈی ایم اے نے سندھ اور پنجاب میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا

 



 لاہور: این ڈی ایم اے نے جون کے مہینے میں سندھ اور پنجاب میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے جون کے مہینے کے لیے موسم کی پیش گوئی جاری کی ہے جس کے مطابق جون کے دوران سندھ میں عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹنڈوآلہ یار، مٹیاری سانگھڑ جبکہ پنجاب میں رحیم یار خان اور بہاولپور کے اضلاع میں ہیٹ ویو متوقع ہے۔

31 مئی سے 5 جون تک ملک کے بالائی علاقوں میں گر د آلود ہوائیں، آندھی جھکڑ اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ خبیرپختونخوا میں چترال، دیر، بٹگرام، مالاکنڈ، صوابی، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور طوفانی ہوائیں متوقع ہیں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر 31 مئی سے 5 جون تک آندھی جھکڑ کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا۔ آج لاہور میں درجہ حرارت45.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کل لاہورسمیت پنجاب بھر میں شام کے وقت تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ رحیم یار خان، قصور اور بھکر میں 47 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، آئندہ دو روز تک موسم خشک اور گرم رہے گا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چولستان کے باسیوں کو  پائپ لائنز اور واٹر باؤزرز کے ذریعے دور دراز علاقوں کو پانی مہیا کیا جا رہا ہے، ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں، شہری گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل