Sunday, December 15, 2024
 

فرانس کے زیرانتظام جزیرے مائیوٹے میں سمندری طوفان، 11 افراد ہلاک

 



فرانس کے زیرانتظام جزیرے مائیوٹے میں بدترین سمندری طوفان سے 11 افراد ہلاک ہوگئے، جس سے فرانسیسی محکمہ موسمیات نے تقریباً ایک صدی کے دوران مڈگاسکر کے شمالی جزیروں میں بدترین طوفان قرار دیا ہے۔ فرانس کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندری طوفان چیڈو رات گئے جزیرے مائیوٹے سے ٹکرایا، جہاں طوفان 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرایا۔ حکام نے بتایا کہ طوفان کے نتیجے میں مکانات، سرکاری عمارتوں اور اسپتالوں کو نقصان پہنچا اور مذکورہ جزیروں سے ٹکرانے والا یہ طوفان 90 برس سے زائد عرصے بعد سخت ترین ہے۔ فرانسیسی حکام نے بتایا کہ طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین کرنا مشکل ہے، اس کے علاوہ مذکورہ علاقوں میں کھانا، پانی اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی میں مشکلات کے بھی خدشات ہیں۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بتانا مشکل ہے کیونکہ میوٹے کی آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے جہاں جاں بحق افراد کی 24 گھنٹوں کے اندر تدفین کی جاتی ہے۔ پیرس سے8 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع جزیروں میوٹے تک پہنچنے کے لیے سمندری راستے سے 4 روز کا سفر ہے اور یہ جزیرے فرانس کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں انتہائی غریب ہیں۔ ان جزیروں میں گینگز کا راج رہا ہے اور دہائیوں تک بدامنی غالب رہی ہے اور رواں برس کے شروع میں پانی کی قلت کے باعث زبردست احتجاج کیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل