Friday, December 27, 2024
 

باکسنگ ڈے ٹیسٹ؛ویرات کوہلی آسٹریلوی بلے باز کو کندھا مارنے پر پابندی سے بچ نکلے، جرمانہ عائد

 



بھارت کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز ابتدائی سیشن کے دوران اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آسٹریلیا کے اوپنر سیم کونسٹاس کو کندھا مارنے پر پابندی لگنے سے بچ نکلے، تاہم ان پر جرمانہ کردیا گیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کے چوتھے ٹیسٹ میں سام کونسٹاس کے ساتھ جھگڑا کرنے پر ویرات کوہلی کو ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 26 دسمبر بروز جمعرات  کو ویرات کوہلی کو میچ کے پہلے سیشن میں آسٹریلوی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی کو کندھا دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ بعد ازاں ویرات کوہلی کی میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ سے ملاقات صرف 10 منٹ تک جاری رہی،  سابق بھارتی کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کو تسلیم کیا اور ان پر لیول ون کے جرم کا الزام عائد کیا گیا جو کہ میدان میں جسمانی طور پر ٹکرانے کی سب سے ہلکی دفعہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ  بہت زیادہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ ویرات کوہلی پر ایک میچ کی پابندی عائد کی جائے گی جب یہ ظاہر ہوا کہ وہ 19 سالہ نوجوان کرکٹ کے ساتھ جان بوجھ کر  ٹکرائے، جان بوجھ کر ٹکرانے کو اکثر لیول 2 جرم کے طور پر درجہ دیا جاتا ہے جس پر3  یا 4 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاسکتے ہیں، اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران 4  ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اس پر ایک ٹیسٹ میچ یا  محدود اوورز کے 2 میچوں کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ تاہم ویرات کوہلی کو صرف ایک دی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔ میچ کے 10ویں اوور کے اختتام پر ویرات کوہلی اور سیم کونسٹاس کے آپس میں کندھے ٹکرا گئے جس پر دونوں کے درمیان تکرار ہوئی تاہم عثمان خواجہ اور امپائرز نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔ بعدازاں، ری پلے ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 10ویں اوور کی آخری گیند کے بعد کونسٹاس واپس اپنی کریز پر آئے اور پھر دوسری طرف سیدھا چل پڑے جبکہ اسی دوران ویرات کوہلی پچ کی دوسری طرف سے آتے ہوئے کونسٹاس سے ٹکرا گئے۔ واضح رہے کی سیم کونسٹاس نے اپنے ڈیبیو میچ میں 65 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ انہوں نے جسمریت بمراہ کی 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز جبکہ محمد سراج کی 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنز بنائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل