Thursday, November 19, 2026
 

بری امام ہاؤس سیل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ جاری

 



اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس ڈی سیل کرنے کے اسٹے کے خلاف سی ڈی اے کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بری امام ہاؤس کو ڈی سیل کرنے کا حکم امتناع ختم کرنے کے لئے سی ڈی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پیر کو سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو شام میں جاری کردیا گیا۔ جسٹس ایاز شوکت نے 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو بری امام ہاؤس اونرشپ 5 دن میں سی ڈی اے کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سی ڈی اے کو اونرشپ دستاویز ملنے کے بعد تحریری وجوہات کے ساتھ فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔  عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اگر درخواست گزار اونرشپ نہ دے سکے تو سی ڈی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے، حکم امتناع متعلق پرانا آرڈر اس فیصلے میں ہی شامل کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں وکیل درخواست گزار نے کیس میں مختصر التواء کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔ جسٹس ایاز شوکت کا کہنا تھا کہ آپ نے کوئی دستاویز ساتھ نہیں لگائی کیسے وقت دے دوں، آپ کے پاس دستاویزات ہیں تو ان کی نقل ہی دکھا دیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ پراپرٹی میری ملکیت نہیں بلکہ میں صرف دربار کا کئیر ٹیکر ہوں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گدی نشین کا کوئی ڈاکومنٹ ہے؟ جس وکیل نے کہا کہ گدی نشین کا کوئی ڈاکومنٹ نہیں ہوتا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہمارے پاس دستاویزات نہیں بلکہ سی ڈی اے کے پاس ہیں اسی لیے ان کو پارٹی بنایا ہے، ہمارا نکتہ یہ ہے کہ ہم دربار کا حصہ ہیں اور یہ جگہ دربار کی ہے۔ جسٹس ایاز شوکت نے کہا کہ میری دستاویزات میرے پاس موجود ہوں گی یا سی ڈی اے کے پاس ؟ کیسی بات کر رہے ہیں۔ سی ڈی اے کے وکیل کاشف علی ملک نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں سارا ریکارڈ لگایا ہے، انہوں نے سی ڈی اے لینڈ پر تجاوز کیا ہے، ان کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کیا جائے۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو قبضہ کی جگہ پر قرار دیتے ہوئے عدالت سے عمارت کو ڈی سیل کرنے کے حکم امتناع کو ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل