Sunday, June 23, 2024
 

رفح میں بکتر بند گاڑی پر شدید حملے میں 8 اسرائیلی فوجی ہلاک

 



رفح میں اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مزید 28 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

فلسطین کے مزاحمت کار گروپوں (حماس، القسام) نے رفح میں ہونے والی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ بکتر بند گاڑی کو دھماکے سے اڑایا گیا جس کے نتیجے میں 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

اُدھر اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے رفح میں ہونے والے حملے میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہفتہ ہمارے لیے مشکل ہوگا کیونکہ ہمارے 8 بہترین بیٹے رفح میں لڑائی کے دوران مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے 8 فوجیوں کی ہلاکت کو ’دل دہلا دینے والا‘ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم حماس اور دیگر مسلح تنظیموں کے خلاف جنگ کی بڑی قیمت ادا کررہے ہیں۔ نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل اپنے وجود اور مستقبل کیلیے لڑ رہا ہے جبکہ ہم اپنے مغویوں کی بازیابی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارا دشمن سفاک ہے جو کسی بھی صورت جنگ بندی پر تیار نہیں اور ہم اُسکو نیست و نابود کرنے کی کوششوں کو جاری رکھیں گے، اس کے لیے فتح کے علاوہ کوئی اور متبادل نہیں ہے‘۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ہم بین الاقوامی فورمز سمیت کئی محاذوں پر ایک مشکل جنگ کے عروج پر ہیں اور ہمیں آگے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے،  عدم استحکام کی قیمت کے باوجود، ہم حماس کو ختم کرنے اور مغوی کی واپسی کے جنگی اہداف پر قائم رہیں گے، تاکہ غزہ کو دوبارہ خطرہ نہ ہو۔

اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے 8 فوجیوں کی ہلاکت پر حماس اور دیگر مسلح تنظیموں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ کا کہنا ہے کہ رفح میں آٹھ اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اُن کا دل غم سے ٹوٹ گیا ہے۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

اسرائیلی مظاہرین نے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد تل ابیب میں احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف نعرے بازی کی اور ملک میں جلد انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے ویسٹ بینک میں ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا جبکہ القدس نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں اُن کا ایک 45 سالہ جنگجو زوہیر خلیل جاں بحق ہوگیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیل نے غزہ شہر کے گرد و نواح کے کئی علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی مکان تباہ ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے اوپر سے کم اونچائی پر پروازیں بھی کیں، جس سے علاقے میں فلسطینیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی میں اسرائیلی فورسز کے تازہ حملوں میں ہفتے کے روز مزید 28 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل