Loading
نائجیریا کی شمالی ریاست نائجر میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد کے حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کو اغوا کر لیا گیا۔ عینی شاہدین اور مقامی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بورگو کے علاقے میں تین دیہات کو نشانہ بنایا۔
ریاستی پولیس کے ترجمان واسیو ابیودون نے تصدیق کی کہ مسلح افراد نے ٹُنگا ماکیری گاؤں پر حملہ کیا جہاں چھ افراد جان سے گئے، متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی اور کئی افراد کو اغوا کیا گیا۔ بعد ازاں حملہ آور کونکوسو گاؤں کی طرف بڑھ گئے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق کونکوسو میں فائرنگ کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا اور حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ بعض رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 26 سے 38 تک بتائی گئی ہے۔ گاؤں میں پولیس اسٹیشن کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا اور متعدد افراد لاپتا ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ آوروں نے پِیسا نامی گاؤں میں بھی کارروائی کی اور وہاں ایک شخص کو قتل کر دیا۔ علاقے کے بیشتر مکانات کو آگ لگا دی گئی ہے۔
نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع کینجی جنگل کو شدت پسند اور مسلح گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں بوکوحرام اور دیگر گروہ سرگرم رہے ہیں۔
مقامی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے صدر مملکت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں مستقل فوجی اڈہ قائم کیا جائے تاکہ حملوں کا سلسلہ روکا جا سکے۔
یاد رہے کہ امریکا کے صدر نے گزشتہ برس نائجیریا میں سیکیورٹی صورتحال پر تنقید کی تھی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مسیحیوں اور مسلمانوں دونوں کو شدت پسندی کا سامنا ہے اور کسی ایک مذہبی گروہ کو منظم طور پر نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل