Thursday, July 04, 2024
 

فضا میں پرواز کے دوران طیارے کو شدید جھٹکے؛ 30 مسافر زخمی

 



میڈرڈ: اسپین کی فضائی کمپنی ایئر یوروپا کی پرواز فضا میں تیزی سے جھولنے لگی جس کے نتیجے میں شدید جھٹکوں سے 30 مسافر زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ ایک مسافر سیٹ سے اُڑ کر اوپر سامان رکھنے والے ریگ میں جاکر پھنس گیا۔ جسے شدید زخمی حالت میں نیچے اتارا گیا۔

دوران پرواز طیارے کے اوپر اور نیچے کی جانب سے تیزی سے آنے جانے اور ہچکولے کھانے کی وجہ سے ریگ میں رکھا سامان مسافروں پر گر گیا اور چھت کو شدید نقصان پہنچا۔

شدید جھٹکوں کے باعث طیارے کا رخ برازیل کی جانب موڑ دیا گیا جہاں طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی۔ رن وے پر ایمبولینسیں مسافروں کو طبی امداد دینے کے لیے پہلے سے موجود تھیں۔

30 مسافروں کو طبی امداد دی گئی جن میں سے 10 کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والوں کو سر میں چوٹیں آئیں کچھ کو فریکچر ہوگیا اور کئی کے چہرے پر زخم آئے۔

خیال رہے کہ اسپین کی تیسری بڑی فضائی کمپنی کی اس پرواز میں 325 سے زائد مسافر سوار تھے۔

تاحال طیارے میں ان غیر معمولی جھٹکوں کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم ایک جدید تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ماحولیات کی تبدیلی سے دوران پرواز جھٹکوں کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل