Loading
معروف بھارتی پلے بیک گلوکار اُدِت نرائن نے کنسرٹ میں خاتون مداح کو بوسہ دینے کو محبت کا اظہار قرار دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں اُدِت نرائن نے کہا کہ ان کے اُس عمل میں کوئی شرمندگی یا پشیمانی نہیں، یہ محبت کا اظہار تھا نہ کہ کوئی نامناسب حرکت۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اُدِت نرائن کو 1994 کی فلم ’موہرا‘ کے مشہور گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ گاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران مداح ان کے ساتھ سیلفیاں لینے کے لیے اسٹیج کے قریب آئے، اور گلوکار نے خواتین مداحوں کو گال پر بوسہ دیا۔ تاہم ویڈیو کے آخری حصے میں، ایک خاتون مداح نے گلوکار کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے ان کے گال پر بوسہ دیا جس پر گلوکار نے اچانک اس کا چہرہ اپنی طرف کھینچ کر اس کے ہونٹوں پر بوسہ دے دیا۔ اُدت نرائن کے اس عمل پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ناقدین کی جانب سے اس غیر ارادی عمل پر شدید اعتراض کیا گیا، لیکن اُدِت نرائن نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ ان کے مداح ان سے محبت کرتے ہیں اور وہ بھی ان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تنازع نے ان کی شہرت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گلوکار نے ویڈیو کے وقت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مہینوں پرانی یہ ویڈیو اب کیوں منظر عام پر آئی؟
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل