Loading
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں بیوہ و نادار عورتوں اور یتیم و یسیر بچوں کے لیے خصوصی الاونس کی فراہمی کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے محکمہ سماجی بہبود نے تمام تر منصوبہ بندی کرلی ہے۔ صوبے میں حکومتی سرپرستی میں غریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں 16 سال کی عمر تک کے یتیم و یسیر بچوں کو 5 ہزار روپے الاونس دینے کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے جبکہ 16 ہزار بیوہ خواتین جن کی عمر 45 سال سے زائد ہو ان کو بھی راشن کی مد میں خصوصی الاونس دیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود اور زکوٰۃ کے تحت اس سلسلے میں منصوبے تیار کیے گئے۔ اسی طرح پہلی بار معذور افراد کو الیکٹرک وہیل چیئرز کی فراہمی کا منصوبہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔ تاہم یہ منصوبہ سرکاری ملازمین اور یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس سے شروع کیا جائے گا۔ صوبے میں 1500 معذور افراد کو یہ الیکٹرک وہیل چیئرز فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے حکومت نے فی جوڑے کو دو لاکھ روپے اور ولیمے کا کھانا بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شادی کی تقریب کے پک اینڈ ڈراپ کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ اس حوالے سے این سی وی زکوٰۃ کمیٹیوں اور آن لائن آنے والی درخواستوں میں سے غریب و نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود قاسم علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں نادار و غریب افراد کے مختلف منصوبے تیار کر لیے گئے ہیں اور یہ منصوبے اپنی حتمی تیاری میں ہیں۔ یتیم و یسیر بچوں اور بیوہ عورتوں کے لیے بھی زکوٰۃ کمیٹیوں کو بھی نامزدگی کا کہا گیا ہے، انکی درخواستوں کو بھی دیکھا جائے گا۔ معمر افراد کے لیے پہلا سینیئر سیٹزن ہوم پچگی میں کھولا جا رہا ہے جس میں 58 سال سے زائد معمر شہریوں کو مفت خوراک، شام کی چائے اور اسنیکس و دیگر سہولیات ملیں گی۔ اس کے لیے نوتھیہ میں سینیئر سیٹیزن کلب جلد کھولا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل