Monday, June 30, 2025
 

شاہین نے حارث رؤف کیلئے ’وارننگ‘ جاری کردی

 



پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے حارث رؤ ف کو خبردار کر دیا۔  آسٹریلیا میں شیڈول بگ بیش لیگ سیزن 15 سے قبل ایک دلچسپ انٹرویو میں شاہین آفریدی کا اپنے قریبی ساتھی حارث رؤف کو ازرائے مذاق کہنا تھا کہ اگر حارث بی بی ایل میں ان کے خلاف بولنگ کریں گے تو انہیں چھکوں کی بارش کا سامنا کرنا پڑے گا۔  ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حارث ان کے سامنے بولنگ نہ کریں کیونکہ اگر ایسا ہوا تو وہ بھرپور انداز میں ان کا سامنا کریں گے، شاہین آفریدی بی بی ایل 15 میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے، وہ اس مرتبہ لیگ میں پہلی بار شرکت کر رہے ہیں، حالانکہ وہ اس سے قبل بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 اور دی ہنڈرڈ جیسے دیگر عالمی مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں۔  شاہین آفریدی کو رواں سال 19 جون کو ہونے والے ڈرافٹ میں بی بی ایل کی پہلی ترجیح کے طور پر منتخب کیا گیا، برسبین ہیٹ نے انہیں سب سے پہلے چنا جبکہ انگلینڈ کے لیوک ووڈ دوسرے اور پاکستان کے وکٹ کیپربیٹر محمد رضوان تیسرے پلاٹینم پک کے طور پر منتخب ہوئے۔  شاہین آفریدی سے جب پوچھا گیا کہ وہ بابر اعظم، ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ میں سے کس کی وکٹ لینا زیادہ اہم سمجھتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ان کے نزدیک تینوں بیٹرز یکساں اہمیت رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اپنے اپنے ملکوں کے اہم ترین کھلاڑی ہیں اور کسی ایک کو بھی آؤٹ کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہو گی۔  انٹرویو کے دوران شاہین نے اس بات پر خوشی کا اظہار بھی کیا کہ اس بار بی بی ایل میں 6 سے 7 پاکستانی کھلاڑی شریک ہو رہے ہیں، جن میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، حسن علی، حسن خان اور خود شاہین شامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کر چکے اور بڑی کارکردگی دکھا چکے ہیں، اور اب بی بی ایل میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے تو پاکستانی شائقین کو بہت لطف آئے گا۔  شاہین آفریدی نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ برسبین ہیٹ کے ساتھ اپنی پہلی شرکت میں ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ان کی ٹیم نے تین ٹرافیاں جیتیں جس کی اصل وجہ ٹیم کا اچھا ماحول اور مینجمنٹ کی طرف سے دی گئی آزادی تھی، انھوں نے کہا کہ برسبین ہیٹ بھی ایک متوازن اور مضبوط ٹیم ہے اور اگر وہ اس کے ساتھ بی بی ایل ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جائیں تو یہ ان کے لیے ایک یادگار آغاز ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل