Tuesday, July 01, 2025
 

کراچی: سرکاری ملازمین کا دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان، گرفتار مظاہرین رہا

 



سندھ ایمپلائنز الائنس نے مذاکرات کے بعد دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پولیس نے گرفتار مظاہرین کو رہا کردیا۔ سندھ ایمپلائنز الائنس کے مرکزی قائد اشرف خاصخیلی اور ایس ایس پی ساوتھ مہزور علی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جس کے بعد اشرف خاصخیلی نے اعلان کیا ہے کہ ہمارے تمام لوگ پولیس نے رہا کردیئے ہیں ہم منگل کو کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرکے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے محرم کی وجہ سے اپنا احتجاجی مظاہرہ مؤخر کردیا ہے۔ مرکزی قیادت کی جانب سے دھرنا مؤخر ہونے کا اعلان سنتے ہی شرکا پریس کلب سے منتشر ہوکر گھروں کو روانہ ہوگئے جبکہ انتظامیہ اور پولیس نے رکاوٹیں ہٹا کر تمام راستے ٹریفک کے لیے کھول دیئے۔ ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ہمارے اساتذہ سے مذاکرات ہوئے ہیں۔ زیر حراست اساتذہ کو رہا کررہے ہیں۔ جسکے بعد مظاہرین نے احتجاج موخر کردیا ہے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ مظاہرین نے تیرہ محرم الحرام کو دوبارہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ ایمپلائز نے مہنگائی کے مساوی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لیے پریس کلب پر احتجاج کیا اور پھر مذاکرات میں ناکامی پر وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب پیش قدمی کا اعلان کیا تھا۔ مظاہرین کی ریڈ زون میں پیش قدمی روکنے کیلے پولیس نے لاٹھی چارج، شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق 20 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا جبکہ دھرنا منتظمین نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے 300 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیر برائے توانائی، ترقیات و مںصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے شرکا سے محرم کے احترام میں دھرنا 13 محرم تک ملتوی کرنے کی درخواست کی اور یقین دہانی کرائی تھی کہ اس کے بعد مذاکرات کر کے تنخواہوں کے فرق کو ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل