Tuesday, July 01, 2025
 

لاہور سمیت پنجاب بھر میں آئندہ 5 روز تک موسلادھار بارش کا امکان

 



صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں آئندہ پانچ روز تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں پری مون سون بارشوں کا سسٹم ایک بار پھر داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر آئندہ 4سے 5 روز تک مزید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ لاہور شہر میں آج شدید حبس کے ساتھ ساتھ بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 26 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث موسم مرطوب اور غیر آرام دہ رہے گا۔ اُدھر شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی خدشات بڑھنے لگے ہیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور بلدیہ عظمیٰ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے 30 جون تک مکمل کیے جانے تھے جب کہ واسا کی جانب سے ان منصوبوں کو 31 جولائی تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل نہ ہوئے تو مون سون کی بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنل سٹاف کو فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل