Loading
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یو این سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد پاکستان جامع اور عملی نتائج کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج پاکستان جولائی 2025ء کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے۔ یہ صدارت پاکستان کے بطور منتخب رکن آٹھویں دور (2025-26) کے دوران حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ ذمے داری عاجزی، پختہ یقین اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور کثیرالجہتی نظام سے گہری وابستگی کے ساتھ سنبھال رہا ہے۔ہماری صدارت ایسے وقت میں آ رہی ہے جب دنیا بھر میں تنازعات اور انسانی بحران شدت اختیار کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم سلامتی کونسل کو ایسے مؤثر اور بروقت اقدامات کی طرف لے جانے کی بھرپور کوشش کریں گے جو مکالمے، سفارت کاری اور پرامن حل پر مبنی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ، اس ماہ کے دوران میں 2 اعلیٰ سطح نمائندہ اجلاسوں کی صدارت کروں گا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ کثیرالطرفہ نظام اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کا قیام، اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان تعاون پاکستان کی ترجیح رہے گا۔ اس کے علاوہ فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی اوپن بحث کی بھی صدارت کروں گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر جامع، متوازن اور عملی نتائج کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل