Friday, July 04, 2025
 

آذربائیجان کی پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، معاہدے پر دستخط

 



پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سرمایہ کاری شراکت داری میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کرلیے گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور وزیر اعظم کی موجودگی میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائل جباروف نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی شعبے  میں مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کے موقع پر پاکستانی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھا۔ وزیر اعظم اور آذربائیجان کے صدر  کے درمیان آج خانکندی میں خوش گوار ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے اور حتمی و مفصل معاہدے پر آذری صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات تاریخی سطح پر پہنچ گئے ہیں اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ اور تجارتی شراکت داری کی مزید مضبوطی کی ضمانت ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم کے حالیہ دورے سے قبل نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، پاکستانی سفارتی مشن اور وفود کی سطح پر اس معاہدے کے پہلو طے ہوئے اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مزید تبادلہ پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل