Saturday, July 05, 2025
 

’بابر اعظم جیسے کپتان سرفراز کی جیب میں رہتے تھے‘

 



قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی نے ایک بار پھر سرفراز احمد کی کپتانی کی تعریف کی اور انہیں پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر اور تجزیہ نگار باسط علی نے کہا کہ سرفراز نے اللہ کی مدد سے قومی ٹیم کو نمبر ون بنا دیا تھا، پھر بھی آپ (پی سی بی) نے اُسے دودھ میں سے مٹی کی طرح سے ہٹا دیا مگر وہ بچہ خاموش رہا۔ باسط علی نے کہا کہ سرفراز بے باک لیڈر تھا اور اُس کے قریب بطور کپتان کوئی بھڑکتا نہیں تھا، بابر اعظم جیسے کپتان تو اُس کی جیب میں رہتے تھے، اللہ نے سرفراز کو جو کپتانی کی صلاحیتیں دی تھیں وہ چاہے بابر ہو، رضوان، شاہین یا سلمان علی آغا یہ سیفی کے پاس بھی نہیں آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز نے کبھی اپنے لیے نہیں بلکہ ہمیشہ ٹیم اور ملک کیلیے سوچا اور گراؤنڈ میں بھی اس کا خیال یہی ہوتا تھا، یہی وجہ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں اُس نے پانچ نمبر پر بیٹنگ کی تو رنز کیے اور پھر 7ویں نمبر پر کھیلنے آیا تو بھی خود کو اچھا کھلاڑی ثابت کیا۔ باسط علی کا خیال ہے کہ یونس خان، انضمام اور راشد لطیف کی طرح سرفراز احمد بھی کھلاڑیوں کو بنانا جانتا ہے جبکہ یہ صلاحیت رضوان، بابر شاہین اور دیگر لوگوں میں نہیں ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل