Loading
پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ریحام رفیق نے ڈرامہ انڈسٹری کے اندر خواتین کےلیے غیر محفوظ ماحول کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے نئی آنے والی اداکاراؤں کو خبردار کیا کہ وہ اس شعبے میں آنے سے پہلے ممکنہ چیلنجز اور خطرات سے آگاہ ہوجائیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہاں محض مقابلہ نہیں، منفی رویے بھی ہیں‘‘۔ ریحام رفیق نے پروگرام کی میزبان سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاراؤں کے درمیان مسابقت کا ماحول تو فطری بات ہے، لیکن بعض اوقات یہی مقابلہ منفی رویوں میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں خود کسی سے مقابلہ کرنے یا موازنہ کرنے پر یقین نہیں رکھتی، لیکن میں نے دیکھا ہے کہ کچھ فنکارائیں حسد کی وجہ سے دوسروں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتی ہیں۔‘‘ اداکارہ نے کہا کہ صرف شوبز نہیں، ہر شعبے میں خواتین غیر محفوظ ہیں۔ ریحام نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مسئلہ صرف ڈرامہ انڈسٹری تک محدود نہیں، بلکہ زیادہ تر پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہر لڑکی کو ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے اور اپنی حفاظت کے طریقے جاننے چاہئیں۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹری میں ہر قسم کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔ ’’یہ انسان پر منحصر ہے کہ وہ کس راستے کا انتخاب کرتا ہے۔ میرے ساتھ ذاتی طور پر کبھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن مجموعی طور پر میں ڈرامہ انڈسٹری کو خواتین کے لیے غیر محفوظ قرار دیتی ہوں۔‘‘
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل