Loading
شہید ملت ایکسپریس وے پر تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار 2 خواتین سمیت 14 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ، حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے قیوم آباد سے بلوچ پل کی جانب جاتے ہوئے شہید ملت ایکسپریس وے اقرا یونیورسٹی کے قریب تیز رفتار منی بس گاڑیوں کو اوور ٹیک کرتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نیتجے میں کوچ میں سوار 2 خواتین سمیت 14 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ایدھی اور چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ترجمان ایدھی و چھیپا کے مطابق زخمیوں کی شناخت 45 سالہ عبدالقیوم ولد نور رحمان، 35 سالہ غلام ، 40 سالہ یعقوب ولد اعظم ، 27 سالہ صفت ولد مبارک خان ، 63 سالہ محمد صفدر ، 35 سالہ بلال اور 40 سالہ نجم ولد محمد عمر خان ، 45 سالہ لطیف ولد یوسف ، 30 سالہ راجن ولد شام ،40 سالہ کامران ولد نسیم ، 60 سالہ صفدر ولد خان زمان ، 35 سالہ گنگا زوجہ شام اور 32 سالہ ثوبیہ زوجہ وسیم کے ناموں سے کی گئی۔ متعدد زخمی خواتین و مرد اپنی مدد آپ کے تحت نجی علاج و معالجے کے لیے اسپتال چلے گئے، حادثے کے بعد شہید ملت ایکسپریس وے پر قیوم آباد سے بلوچ پل جانے والی سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار بلال کوچ کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کا دعویٰ ہے کہ حادثہ کوچ کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، کوچ کے ایک مسافر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا، ٹوکن کا ٹائم تھا جس کے باعث کوچ کا ڈرائیور چھوٹی بڑی گاڑیوں کو انتہائی خطرناک انداز میں اوور ٹیک کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ روز کا معمول ہے کیونکہ وہ روزانہ بلال کوچ میں ہی ڈیوٹی پر جاتے ہیں، اکثر کوچ والے موٹرسائیکل سواروں کو روندتے ہوئے نکل جاتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار درجنوں کی تعداد میں قیوم آباد چورنگی پر کھڑی مسافر کوچ والوں کے تماشے دیکھتے رہتے ہیں تاہم آج تک دھواں دیتی ٹوٹی پھوٹی ان مسافر بسوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل