Loading
کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی موت سے متعلق ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید معلومات فراہم کردیں۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واضح کیا کہ کسی لاش کے گلنے سڑنے کی بو 5 سے 40 دن تک ہوتی ہے تاہم اکتوبر سے فروری تک اداکارہ حمیرا کے برابر والے گھر میں رہنے والی فیملی بھی ملک سے باہر تھی جس سے ان کی موت کا معلوم نہیں ہوسکا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق حمیرا اصغر کی لاش جس کمرے میں تھی اس میں گیلری جبکہ برابر والے کمرے میں واش روم کی کھڑکی بھی کھلی ہوئی تھی جس کی وجہ سے ممکن ہے کہ بو وقت کے ساتھ ختم ہوگئی ہو۔ اسد رضا کے مطابق فلیٹ انتظامیہ، چوکیدار اور پڑوسیوں کو بھی شامل تفتیش کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مطابق یہ واقعہ 7 اکتوبر 2024 کو پیش آیا کیونکہ اس کے 3 دن بعد ایک بار چوکیدار نے اداکارہ سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا جبکہ ان کی ایک سہیلی نے بھی انہیں کال کی مگر جواب نہیں ملا۔ یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی اس وقت ملی جب فلیٹ کے کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کی جانب سے کیے گئے کیس کیلئے عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا۔ پہلے اداکارہ کی لاش ایک سے 2 ماہ پرانی بتائی جارہی تھی تاہم لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ حمیرا اصغر کی موت 8 سے 10 ماہ قبل ہوئی تھی اور ان کی لاش ڈی کپموز ہونے کے آخری مراحل میں تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل