Monday, July 14, 2025
 

شاہراہ بھٹو مکمل ہوتے ہی کورنگی کاز وے روڈ کو بند کردیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

 



وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو کو کاٹھور اور موٹروے تک دسمبر 2025 میں مکمل کر کے کھول دیا جائے گا جبکہ پُل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کورنگی کاز وے روڈ کو بند کردیا جائے گا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  کی زیر صدارت شاہراہِ بھٹو کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء  شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری  آغا واصف ، سیکریٹری خزانہ  فیاض جتوئی ، سیکریٹری بلدیات  وسیم شمشاد، سیکریٹری ٹرانسپورٹ  اسد ضامن، پی ڈی شاہراہِ بھٹو  نیاز سومرو، پراجیکٹ انجینئر خالد مسرور اور دیگر شریک ہوئے۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو  39 کلومیٹر طویل 3x3 ہائی اسپیڈ  روڈ ہے؛جو ڈی ایچ اے اور کورنگی کو حیدرآباد سے ملائے گی، اس پروجیکٹ میں 6 انٹرچینج ہے جو شاہراہ کو صنعتی اور رہائشی علاقوں سے جوڑتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہِ بھٹو  قائد آباد تک  کھول دیا گیا ہے جبکہ دسمبر  میں شاہراہ بھٹو  کو موٹر وے  سے ملانے کے لیے کھولیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں کورنگی کاز وے  سے قائد آباد  تک 99 فیصد  مکمل ہو چکا ہے، دوسرے مرحلے میں قائد آباد  سے کاٹھور  تک 65 فیصد  تک پیشرفت  ہوچکی جبکہ جام صادق  انٹر چینج  کا کام 73 فیصد  ہو چکا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یلو لائن پر کام جاری  ہے جس کی وجہ سے ریمپس کا کام رکا ہوا ہے جبکہ ای بی ایم  اور شاہ فیصل  انٹر چینج  مکمل ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ قائد آباد انٹر چینج  99 فیصد  مکمل ہے  جبکہ میمن گوٹھ  انٹر چینج  کا کام 28 فیصد  مکمل کرلیا گیا ہے اور ملیر ریوربیڈ پر سمو گوٹھ  کے قریب ایلیویٹڈ  اسٹرکچر پر کام جاری ہے جس کے چار کلومیٹر پر 48 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کورنگی کاز وے  برج  پر کام 80 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ برج  بن جائے تو کاز وے  روڈ  ختم کر دیں گے۔ اسی کے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ کا کاز وے  برج  پر کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ میں  شاہراہ بھٹو  کاٹھور تک دسمبر 2025 میں ٹریفک  کے لیے کھول دوں گا، یہ کام ٹائم لائن  پر مکمل ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ سندھ  نے پی پی پی یونٹ کو ہدایت دی کہ نیا لنک روڈ  جولائی 25 کو کھولا جائے، جس کے بعد 21 کلومیٹر  لنک روڈ کو  موٹر وے سے جوڑا جائے گا، نیا  لنک روڈ صنعتی  علاقوں  اور ایجوکیشن سٹی   کی  ٹریفک کے لیے  بہت اہم ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ  نئے لنک روڈ  کا انٹر چینج  تعمیر کے آخری مراحل  میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا لنک روڈ کھلنے  کے بعد پرانا لنک روڈ بند کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل