Monday, July 21, 2025
 

سندھ اب تقسیم ہوگا اور پیپلز پارٹی کا تعصب سندھ کو تقسیم کرکے رہے گا، آفاق احمد

 



مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے اجرک  نمبر پلیٹ کے نام پر کرپشن چھپائی جارہی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سمن آباد آفس میں بزرگوں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اجرک صرف ایک بہانہ ہے اصل مقصد اپنی کرپشن چھپانا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ میرااجرک والی نمبر پلیٹ کے حوالے سے موقف کسی کی ثقافت کے خلاف نہیں، مہاجر قوم کی تاریخ رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ دوسری قوموں کی ثقافت کا احترام کیا ہے لیکن کسی کی ثقافت کا احترام کرنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس ثقافت کو اپنا لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں کی اپنی منفرد شناخت ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ سندھ دو لسانی صوبہ ہے، کسی ایک لسانی اکائی کو ہرگز یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسری لسانی اکائی پر اپنی مرضی تھوپے، پیپلز پارٹی حکومتی زعم میں جس طرح کراچی کی عوام پر اجرک مسلط کرنا چاہتی ہے یہ کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔ آفاق احمد نے کہا کہ کچھ لوگوں کی اقتدار کی بھوک کا یہ مطلب نہیں کہ کراچی کو لاوارث یا مفتوحہ علاقہ سمجھ لیا جائے، کراچی کے وارث یہاں کے عوام ہیں جو اپنے حقوق کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ہٹ دھرمی نے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، سندھ اب تقسیم ہوگا اور پیپلز پارٹی کا تعصب سندھ کو تقسیم کرکے رہے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل