Loading
صوابی کی عدالت نے باپ اور بیٹی کے دہرے قتل مین ملوث ملزم کو سزائے موت اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج صوابی فائیو کی عدالت نے باپ اور اس کی کمسن بیٹی کے دوہرے قتل میں ملوث ملزم کو دوبار سزائے موت اور مجموعی طور پر دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ دو جنوری 2024 کو بیوہ شیروز سکنہ رشکئی نے تھانہ کالو خان میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اپنے بیٹوں اور اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھی کہ اس دوران مصدق ولد زرنبی نے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر ان کے بیٹے شہاب علی کو باہر بلایا۔ درخواست گزار نے بتایا تھا کہ بیٹا اور اپنی دس سالہ بیٹی سلمیٰ، آفتاب علی اور بیوہ شہاب علی گھر کے دروازے پر گئے تو وہاں کلاشنکوف سے مسلح مصدق نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا شہاب علی اور اس کی دس سالہ بیٹی سلمیٰ جاں بحق ہو گئے۔ خاتون نے بتایا تھا کہ اُن کے بیٹے اور ملزم کے درمیان ایک روز قبل تکرار ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کالو خان پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں چالان پیش کیا، عدالت نے مختصر مدت کے دوران کیس کی سماعت مکمل کی اور جرم ثابت ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج افتحار الٰہی نے دوہرے قتل کیس میں ملزم مصدق کو دو بار پھانسی اور دونوں مقتولین کے ورثاء کو مجموعی طور پر دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل