Monday, July 21, 2025
 

ایسٹر بم دھماکے: سری لنکن انٹیلی جنس چیف غفلت پر نوکری سے برطرف

 



سری لنکا کی نیشنل پولیس کمیشن نے 2019 کے ایسٹر سنڈے بم دھماکوں کو روکنے میں ناکامی پر ریاستی انٹیلی جنس سروس (SIS) کے سابق سربراہ نیلنٹھا جے وردھنا کو برطرف کر دیا ہے۔ 21 اپریل 2019 کو تین گرجا گھروں اور تین فائیو اسٹار ہوٹلوں پر ہونے والے خودکش دھماکوں میں 279 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 45 غیر ملکی بھی شامل تھے، جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جے وردھنا کو حملوں سے 17 دن قبل ممکنہ دہشتگردی سے متعلق خبردار کر دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس پر کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا۔ ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کی گئی تحقیقات میں جے وردھنا کو غفلت اور فرائض سے چشم پوشی کے تمام سات الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا۔ پولیس کمیشن کے مطابق: "الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے، کمیشن نے انہیں زیادہ سے زیادہ سزا دینے کا فیصلہ کیا۔" حملوں کے بعد جے وردھنا کو SIS کی سربراہی سے ہٹا کر پولیس کے نائب سربراہ کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، مگر عدالتی احکامات پر ایک سال قبل انہیں جبری رخصت پر بھیج دیا گیا۔ ایسٹر حملوں کے بعد شروع کی گئی اعلیٰ سطحی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ اس وقت کے صدر میتھری پالا سری سینا اور ان کے چار قریبی افسران (جن میں جے وردھنا بھی شامل تھے) کو فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل