Loading
پاکستان کے عبداللہ نواز نے عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں بھی کامیابی حاصل کرلی۔ سیڈ 7 عبداللہ نواز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈا کے کھلاڑی کو بآسانی 0-3 سے شکست دے کر 32 کھلاڑیوں کے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مصر کے شہرنیوقاہرہ میں جاری عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں واحد پاکستانی کھلاڑی عبداللہ نواز نے کینیڈا سے تعلق رکھنے والے روہن پلوال کو ایک آسان مقابلے کے بعد 0-3 سے زیرکر لیا۔ عبداللہ نواز نے پہلا گیم 6-11، دوسرا گیم میں3-11 اور پھر تیسرا گیم میں بھی اسی اسکور سے جیت کر فتح کو گلے لگا لیا۔ اگلے راؤنڈ میں عبداللہ نواز کا مقابلہ امریکا کے آسکر اوکونکو سے ہوگا۔ دوسری جانب بائی حاصل کرنے والے دفاعی چیمپئن وٹاپ سیڈعالمی نمبر14 مصر کے محمد ذکریا نے دوسرے راؤنڈ میں پولینڈ کے سیمیول ونکلر کو کسی دقت کے بغیر0-3 سے ہرا دیا۔ 128 کھلاڑیوں کے انفرادی ایونٹ کے پہلے راونڈ میں عبداللہ نواز نے ہانگ کانگ کے کینگ ان لیونگ کو 0-3 شکست دی تھی۔ پاکستان کے 4 میں سے 3 کھلاڑی محمدعمیرعارف، یحییٰ خان اور انس علی شاہ پہلے ہی راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔ خواتین کے انفرادی ایونٹ میں ٹاپ سیڈ وعالمی نمبر5 مصر کی امینہ عارفی نے دفاعی چیمپین محمد ذکریا کی چھوٹی بہن تالیہ ذکریا کو0-3 سے زیر کرلیا۔امینہ مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائیٹل جیت کر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کریں گی۔ ٹیم ایونٹ27 جولائی سے شروع ہوگا۔ پاکستان جونیئر ٹیم میں عبداللہ نواز، انس علی شاہ بخاری، محمد عمیر آصف اورعبیداللہ شامل ہیں، راوعاطف کامران منیجراور فراز محمد کوچ کی زمہ داری ادا کررہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل