Loading
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سیزیر کے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سنچری بنا کر پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم بیٹرز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ مانچسٹر میں سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارت نے انگلینڈ کے پہلی اننگز کے 669 رنز کے بعد خسارہ ختم کرتے ہوئے برتری حاصل کی، جس میں کپتان شبمن گل اور تجربہ کار بیٹر کے ایل راہل کی 181 رنز کی بہترین شراکت کا بنیادی کردار رہا۔ شبمن گل میچ کے آخری روز 238 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں 12 چوکے شامل تھے۔ بھارتی کپتان نے اپنی ٹیم کے لیے بہترین اننگز کھیلی اور ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا۔ محمد یوسف نے 2006 میں انگلینڈ کے دورے میں 4 میچوں میں 631 رنز بنا کر ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشیائی کھلاڑی کا ریکارڈ بنایا تھا۔ پاکستان کے سابق بیٹر نے 4 میچوں کی 7 اننگز میں 90.14 کی اوسط سے ڈبل سنچری سمیت 3 سنچریوں کی مدد سے 631 رنز بنائے تھے، جس میں 202 رنز سب سے بڑی اننگز تھی۔ شمبن گل نے 4 میچوں میں ایک ڈبل سنچری سمیت 3 سنچریوں کی مدد سے 700 سے زائد رنز بنائے اور 269رنز ان کی طویل اننگز تھی۔ انگلینڈ کے خلاف ان کی سرزمین میں ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر بھارت کے راہول ڈریوڈ ہیں، جنہوں نے 2002 میں 4 میچوں میں 602 رنز بنائے تھے اور 217 ان کا ایک اننگز میں بڑا اسکور تھا۔ ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 2018 میں 5 میچوں میں 593 رنز بنائے تھے اور 149 ان کی طویل اننگز تھی۔ بھارت کے سابق بیٹر سنیل گواسکر نے 1979 میں انگلینڈ میں 4 میچوں میں 542 رنز بنا کر ایشیائی کرکٹر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک اننگز میں 221 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کے سابق کپتان محمد یوسف کا 2006 میں بنایا گیا ریکارڈ 19 سال بعد شبمن گل نے اپنے نام کرلیا۔ شبمن گل اب بھارت کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کے قریب پہنچے ہیں، جو سنیل گواسکر نے 1978 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں 732 رنز بنا کر بنایا تھا۔ بھارت کی جانب سے کپتان کی حیثیت میں ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی شمبن گل نے توڑ دیا ہے، جنہوں نے ایک سیریز میں 655 رنز بنائے تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل