Monday, July 28, 2025
 

اسمگلنگ کیخلاف آپریشن میں کروڑوں  کی منشیات برآمد، خواتین سمیت 12 ملزمان گرفتار

 



ملک میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 مختلف مقامات سے 3 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان تمام کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 245.56 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 2 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ مانسہرہ میں قراقرم ہائی وے روڈ پر ایک کالج کے قریب کارروائی کے دوران ایک شخص کے قبضے سے 700 گرام چرس برآمد کی گئی جب کہ جامشورو میں ایک یونیورسٹی کے قریب بس میں سوار مسافر سے 2 کلو آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔ رنگ روڈ پشاور کے قریب 2 خواتین کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ جامشورو بس اسٹاپ پر ایک خاتون سے 3 کلو آئس ملی۔ آر سی ڈی روڈ حب پر ایک ٹرالر سے 21.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سیالکوٹ کے علاقے اوتھیان کے قریب ایک گاڑی سے 5 کلو آئس، 3.6 کلو افیون اور 3.6 کلو چرس پکڑی گئی۔ موٹر وے M-2 چکری انٹرچینج کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 142.740 کلو چرس اور 37.820 کلو افیون برآمد ہوئی، جہاں سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ مانسہرہ میں قراقرم ہائی وے پر ہی ایک اور کارروائی میں 12 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ شیخوپورہ کے پھولوں والا چوک کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار سے ایک کلو چرس اور 500 گرام افیون برآمد کی گئی۔ تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل