Loading
اپر جنوبی وزیرستان ضلع بھر میں دوسرے روز بھی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان اپر کرفیو کے دوران ضلع بھر میں تمام قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر نے کہا کہ جنوبی وزیرستان اپر کے تمام بازار، مارکیٹس اور تجارتی مراکز کل مکمل طور پر بند رہیں گے، جبکہ سراروغہ، کوٹکائی، سپینکئی راغزئی تا نظر خیل تک تمام راستے کرفیو کے دوران بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ درگئی پل، مدی جان، شین ورسک تا مولا خان سرائے و چگملائی تک نقل و حرکت پر سخت پابندی ہوگی اور سرویکئ تا مولے خان سرائے اور بروند کی جانب راستے کرفیو کے دوران بند رکھے جائیں گے۔ تیارزہ تا توروام کے تمام راستے کرفیو کے دوران بند رہیں گے۔ صرف ایمرجنسی میں پولیس یا فورسز کی اجازت سے، شناختی کارڈ اور کاغذات جمع کروا کر سفر ممکن ہوگا۔ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھ کر شہری اپنی گاڑی 100 میٹر فاصلے پر سڑک سے نیچے اتارنے کے پابند ہوں گے۔ نوٹی فکیشن میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے سفر کرنے والے شہریوں کو 28 جولائی کو ضلع آمد سے گریز کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل