Friday, August 01, 2025
 

عورتوں کو بھی اپنی مرضی سے جیون ساتھی چُننے کا حق ہونا چاہیے؛ فضیلہ قاضی

 



منجھی ہوئی اداکارہ فضیلہ قاضی نے شادی اور رشتوں پر معاشرتی تضادات کا پول کھول کر رکھ دیا۔ اداکارہ فضیلہ قاضی نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں کہا کہ کیا صرف مردوں کو یہ حق ہے کہ وہ کسی با پردہ، باحیا لڑکی کا مطالبہ کریں؟ اگر عورت بااخلاق ہے، تو اُسے بھی یہ اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اچھے مرد کا رشتہ مانگ سکے۔ انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے معاشرے میں ایک عورت کی کردار کشی کرنا شاید سب سے آسان کام بن چکا ہے۔ عزت دار عورت کو صرف صبر و سکون کی علامت بنانا ظلم ہے۔ فضیلہ قاضی نے کہا کہ ایک اچھی عورت کی تعریف وہی ہے جو اپنے جذبات، خواب اور خواہشات کو پس پشت ڈال کر صرف دوسروں کی توقعات پر پوری اترے مگر جیسے ہی وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے تو وہ "بری عورت" بن جاتی ہے۔ اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا کہ آج بھی اگر کوئی مرد کسی عورت کو چھوڑنا چاہے تو اُسے یہ کہہ کر چھوڑ دیتا ہے کہ وہ 'اچھی عورت' نہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ شاید اُس عورت نے صرف اپنے حق کی بات کی ہوتی ہے۔ فضیلہ قاضی کا یہ دوٹوک اور سچائی سے بھرپور پیغام نہ صرف عورتوں کے دل کی آواز ہے بلکہ ہمارے معاشرے کے اس حصے کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے جو آج بھی عورت کو صرف برداشت، قربانی اور خاموشی کی علامت سمجھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے ان کے خیالات کو خوب سراہا اور انہیں ایک باشعور اور جرات مند فنکارہ قرار دیا جو نہ صرف اداکاری میں بلکہ سماجی شعور میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل