Saturday, August 02, 2025
 

آسٹریلوی ہائی کمشنر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات، قیادت کو سزائیں سنانے کے عمل پر تبادلہ خیال

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنرنیل ہاکنز سےملاقات کے دوران 26 ویں آئینی ترمیم اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف سزائیں سنانے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ اسلام آباد میں آسٹریلیا کے ہائی کمشن سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے 31 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے ملاقات کی اور بیرسٹر گوہر نے نیل ہاکنز کو ملک میں بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمیشن کے مطابق بیرسٹر گوہر نے آئین اور قانون کی بالادستی کی بحالی کے لیے پی ٹی آئی کی کوششوں پر روشنی ڈالی، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کی حالت زار پر بھی گفتگو کی، جس کے باعث عدلیہ کو عملی طور پر ایگزیکٹو کے تابع بنا دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر سزائیں سنانے کے عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا جن میں قانون کے تقاضے پورے کیے بغیر فیصلے سنائے جا رہے ہیں۔ آسٹریلوی ہائی کمیشن نے بتایا کہ ہائی کمشنر نے ایک مستحکم، جمہوری اور خوش حال پاکستان کے لیے آسٹریلیا کی حمایت کا اعادہ کیا۔ نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا حکومت پاکستان پر مسلسل زور دیتا رہے گا کہ وہ جمہوری اصولوں اور انسانی حقوق کو پاکستان کے آئین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق برقرار رکھے۔ ہائی کمیشن کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ آسٹریلیا پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں سے سفارتی سطح پر باقاعدگی سے رابطے رکھتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل