Monday, August 04, 2025
 

گلستان جوہر میں فائرنگ سے ذاکر کے بیٹے سمیت 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

 



شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلوان گوٹھ کے قریب ہوٹل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیشک ے مطابق ایک کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزموں نے سڑک کنارے بیٹھے افراد پر فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے ایک میگزین اور گولیوں کے 10 سے زائد خول ملے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات جاری ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئے جبکہ تین کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سید مظہر اور علی وارث کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں  حبیب ،محمد علی ِ،علی حسن ،مظہر ،میثم ،علی وارث شامل ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کرائم سین پر دستیاب شواہد کی مدد سے ملزمان تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور تفتیش و تحقیق پر مشتمل رپورٹ سے آگاہ رکھا جائے۔ دوسری جانب دو افراد کی ہلاکت کے بعد مشتعل افراد نے احتجاج کیا اور آگ جلا کر سڑک کو بلاک جبکہ اطراف کی دکانوں کو بند کروایا تاہم پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے انہیں منتشر کردیا۔ مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان نے مغل ہزارہ گوٹھ فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں عالم دین مولانا رجب علی بنگش کے صاحب زادے کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کیا جائے۔ رہنما وحدت المسلمین نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت جبکہ زخمیوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اور اُن کی جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل