Loading
صوبائی دارالحکومت کے علاقے مناواں میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم فراثت علی اپنے ساتھی جون شاہ سمیت ہلاک ہو گیا۔ دونوں ڈاکو پولیس کو کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ مقابلے کے دوران ایس ایچ او عاطف ذوالفقار بال بال بچ گئے، جب کہ فائر کی گئی گولیاں ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا مرکزی ملزم فراثت علی چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں بزرگ خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہو گیا تھا۔ اس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ہلاک ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل