Loading
جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اس بار ان کے فلم قلی کے لیے لیے گئے معاوضے نے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کےمطابق سپر اسٹار رجنی کانت کی بڑے بجٹ کی نئی فلم قلی 14 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، جس میں رجنی کانت کے ساتھ عامر خان، اوپیندرا، ستھیا راج اور شروتی ہاسن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ رپورٹس کے مطابق یہ فلم ایک بڑے بجٹ پر بنائی گئی ہے جس کا تخمینہ 350 سے 400 کروڑ بھارتی روپے کے درمیان ہے۔ فلم کی کاسٹ کو دیے گئے معاوضے بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ عامر خان، جو کہ فلم میں صرف 15 سے 20 منٹ کے لیے اسکرین پر آئیں گے انہوں نے 20 کروڑ روپے چارج کیا ہے۔ تاہم سب سے زیادہ معاوضہ اس فلم کے 74 سالہ مرکزی ہیرو رجنی کانت نے وصول کیا ہے، رپورٹ کے مطابق رجنی کانت کو اس فلم کے لیے 200 کروڑ بھارتی روپے دیے گئے ہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدا میں ان کا معاوضہ 150 کروڑ مقرر تھا لیکن فلم کی ایڈوانس بکنگ میں زبردست ردعمل کے بعد پروڈیوسرز نے ان کا معاوضہ بڑھا کر 200 کروڑ بھارتی روپے کردیا۔ دوسری جانب ہدایت کار نے اس فلم کے لیے 50 کروڑ، جبکہ ستھیا راج اور شروتی ہاسن نے 4، 4 کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل