Friday, August 29, 2025
 

وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی نیچرل میڈیسن کلینک

 



وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں نیچرل میڈیسن کلینک کے قیام کے لیے قرشی فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط ہو گئے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں وائس چانسلر کے دفتر میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جہاں شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری اور قرشی فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے معاہمت نامے پردستخط کیے۔ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد کے سرسبز و شاداب علاقے چک شہزاد میں واقع وفاقی اردو یونیورسٹی میں نیچرل میڈیسن کلینک کے قیام سے طلبہ و اساتذہ کے علاوہ عام شہریوں کو بھی بالکل مفت علاج کی سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کلینک نہ صرف قدرتی ادویات کی اہمیت کو اجاگر کرے گا بلکہ بہترین صحت کی سہولیات تک رسائی بھی ممکن بنائے گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے قرشی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو ایک سنگ میل قرار دیا اور یونیورسٹی کے اساتذہ نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے اکیڈمک اور سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ کے وژن کو سراہا ہے۔ تقریب میں اسلام آباد کیمپس کی انچارج ڈاکٹر صبا بشیر، صدر شعبہ ماس کمیونیکیشن ڈاکٹر فیصل جاوید اور دیگر شعبوں کے صدور شریک ہوئے۔ قبل ازیں اردو یونیورسٹی کراچی میں بھی قرشی فاؤنڈیشن کے تحت کلینک قائم کیا جا چکا ہے اوراس وقت فعال ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل