Tuesday, September 09, 2025
 

کوہلو، لاسی زئی میں فائرنگ کا اندوہناک واقعہ میں باپ اور دو بیٹے جاں بحق

 



بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے لاسی زئی میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا اندوہناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں باپ اور اس کے دو بیٹے موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔ لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ضروری قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ کے مطابق فائرنگ کرنے والے نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے جامع سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور تمام ممکنہ راستوں پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ واقعے کے فوراً بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، اسسٹنٹ کمشنر کبیر مزاری بھی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ ٹارگٹڈ تھی یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ، اس پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور فارنزک ٹیم بھی طلب کر لی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل