Loading
نیویارک سٹی ہال میں ایک تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں دین اسلام کے پندرہ سو سال مکمل ہونے پر پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سالگرہ کے طور پر منایا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں، 50 سے زائد دینی تنظیموں کے نمائندوں، مساجد کے ائمہ، اور دیگر مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا، "نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم پوری دنیا کے لیے نمونہ اخلاق تھے، آج دین اسلام پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور ہم اس عظیم پیغمبر ﷺ کی تعلیمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو رحمت، انصاف، اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ولادت کا دن نیویارک میں ہر سال منایا جائے گا، اور اس سلسلے میں ایک پروکلیمیشن سرٹیفیکیٹ بھی جاری کیا گیا۔ معروف اسلامی اسکالر اور بروکلین سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی لیڈر امام صداد مدنی نے کہا کہ نیویارک شہر اپنے تنوع کی بدولت دنیا کا عظیم شہر ہے۔ انہوں نے کہا، "یہ شہر مسلمانوں، عیسائیوں، یہودیوں اور دیگر عقائد کے لوگوں کا گھر ہے جو امن کے ساتھ ایک ساتھ رہتے ہیں، میئر ایرک ایڈمز کی قیادت میں نیویارک نے اتحاد اور ہم آہنگی کی مثال قائم کی ہے۔" امام مدنی نے مزید کہا کہ میئر ایڈمز نے مسلم کمیونٹی کے لیے قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں مساجد میں اذان کی اجازت، اسکولوں میں حلال کھانے کی فراہمی، اور NYPD میں مسلم خواتین کے لیے حجاب کی اجازت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں اور مسلم کمیونٹی انہیں کبھی نہیں بھولے گی۔ تقریب میں امام موسیٰ نے بھی خطاب کیا اور میئر ایڈمز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا، "میئر ایڈمز نے نیویارک کو ایک خاندان کی طرح متحد کیا ہے۔ ان کی قیادت میں شہر نے نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ تمام مکینوں کے لیے تحفظ اور مواقع فراہم کیے ہیں۔" اس تقریب کا انتظام میئر ایڈمز کی ایڈوائزر عطیہ شہناز، شاجد مدنی، ایڈم اعظم، فورتھ پلر کے ڈائریکٹر انوسٹیگیشن، اور صدر پاکولی توقیر الحق نے کیا۔ مسلم کمیونٹی کی جانب سے میئر ایڈمز کی اگلے چار سال کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔ میئر ایڈمز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی تحفظ اور شہر کے بچوں اور خاندانوں کے لیے ایک محفوظ ماحول بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا، "تاریخ اس بات کی گواہ ہوگی کہ ہم نے نیویارک کو کس طرح ایک بہتر اور محفوظ شہر بنایا۔" یہ تقریب نیویارک کے تنوع اور اتحاد کی ایک شاندار مثال تھی، جہاں مختلف عقائد کے لوگوں نے ایک ساتھ مل کر پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات کو خراج تحسین پیش کیا، جو رحمت، انصاف، اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل