Loading
میکسیکو کے ریاستی حکام کے مطابق پیر کے روز ایک خوفناک حادثے میں ایک مال بردار ٹرین نے ایک ڈبل ڈیکر مسافر بس کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 41 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثہ ریاست میکسیکو کے اطلاکومولکو میونسپلٹی میں ایک شاہراہ پر پیش آیا، جب بس ایک آہستہ رفتار ٹریفک کے دوران ریلوے ٹریک عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ اس دوران فریٹ ٹرین پوری رفتار سے بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں بس کا اوپری حصہ مکمل طور پر اکھڑ گیا۔ ٹرین بس کو ریلوے لائن پر گھسیٹتی رہی جس سے جانی نقصان بڑھ گیا۔ ریاستی سول پروٹیکشن کے جنرل کوآرڈینیٹر آدریان ہرنینڈز کے مطابق بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ تصاویر اور ویڈیوز میں حادثے کے بعد کا ہولناک منظر دیکھا جا سکتا ہے، جس میں بس کی چھت مکمل طور پر تباہ اور سامنے کا شیشہ چکنا چور دکھائی دے رہا ہے۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ مسافروں کو بچانے کے لیے بس کی چھت سے باہر نکالنے کی کوششیں کیں۔ کینیڈین پیسفک کنساس سٹی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹرین کمپنی کی ذیلی تنظیم CPKC de Mexico کی زیرِ نگرانی چل رہی تھی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ ہم مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ حکام نے جائے وقوعہ پر دونوں اطراف کی ٹریفک کو بند کر دیا ہے تاکہ ایمرجنسی سروسز متاثرین تک بروقت رسائی حاصل کر سکیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل